کیرئیر تفہیم القرآن اکیڈمی بہارہ کہو کا افتتاح

اسلام آباد:کیرئیر تفہیم القرآن اکیڈمی بہارہ کہو کا افتتاح کردیا گیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کیرئیر گروپ آف انسٹی ٹیوشنز جاوید انتظار نے کہا کہ اللہ کے نظام سے آشنائی قرآن سمجھے بغیر ممکن نہیں ۔اللہ کے نظام میں تحریر تقریر اور کردار و عمل بنیادی عناصر ہیں۔تفہیم القرآن اکیڈمی کا مقصد دینی اور دنیاوی تعلیم کے حسین امتزاج کی سوچ کی آبیاری ہے ۔
ڈائریکٹر کیرئیر گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر محمد عامر نے کہا کہ قرآن مجید نور ہدایت ہے ۔جس کا ترجمہ اور تفسیر سمجھنا ازحد ضروری ہے۔ اکیڈمی میں 13 سال سے اوپر ہر عمر کے طلباء طالبات اور مرد و خواتین کے لیے علیحدہ علیحدہ کلاسز لی جائیں گی ۔مفتی محمد عمر عباسی تفھیم القرآن اکیڈمی کے ڈائریکٹر ہونگے۔ افتتاحی تقریب میں آئی سی سی کالج سیکشن کے وائس پرنسپل محمد عدنان عباسی ، کیرئیر کوچنگ سنٹر سملی ڈیم روڈ کیمپس کے پرنسپل سالم العزام، کیریئر ڈیجیٹل سکلز پروگرام کے ڈائریکٹر دلاور حسین، آئی سی سی میٹرک سیکشن کے وائس پرنسپل فضل الرحمان خٹک ،سکور انٹری ٹسٹ کے ایڈمن ڈویلپمنٹ محمد صائم واجد اور ماہرین تعلیم شریک تھے ۔
ڈائریکٹر کیریئر تفہیم القرآن اکیڈمی مفتی محمد عمر نے کہا کہ کورسز میں تجوید کے بنیادی عقائد،عام فہم عربی گرائمر ،قرآن مجید کا آسان لفظی و بامحاورہ ترجمہ، آیات کا شان نزول ،اخلاقی اور روحانی تربیت کے ساتھ ساتھ دور حاضر کے شرعی مسائل اور سیرت النبی کی روشنی میں مختصر تفسیر وغیرہ شامل ہیں ۔تقریب کے آخر میں انہوں نے خصوصی دعا کروائی ۔