پاک انگلینڈ ٹیسٹ، پاکستانی بولرز کی بھرپور پٹائی ، انگلینڈ نے ایک دن میں 500 رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا

انگلش بلے بازوں کی پہلے دن میں چار سنچریاں ،ہر آنے والا بلے باز پہلے سے زیادہ قہر بن کر پاکستانی بولرز پر ٹوٹا،سابق کوچ کو محمد عباس کی یاد ستانے لگی

راولپنڈی :پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز ایک ڈیڈ وکٹ پر انگلش بلے بازو نے پاکستانی بولرز کی دل کھول کر پٹائی کی
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں انگلش ٹیم نے عالمی ریکارڈ بنا ڈالا۔انگلینڈ نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں کھیل کے پہلے دن سب سے زیادہ رنز بنا کر آسٹریلیا کا 112 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔آخری بار آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کے خلاف 494 رنز بنائے تھے۔
انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ایک دن میںنہ صرف 500 سے زائد رنز بنائے بلکہ ایک دن میں چار سینچریاں بنانے کا اعزاز بھی انگلینڈ نے اپنے نام کرلیا۔ انگلینڈ کا ہر آنے والا بلے باز پہلے سے زیادہ قہر بن کر پاکستانی بولرز پر ٹوٹا،زیک کرولی، بین ڈکٹ، اولی پوپ اور ہیری بروک نے شاندار سنچریاں اسکور کیں۔ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی بارکسی ٹیم نے پہلے روز 500 رنز اسکور کئے ہیں۔
انگلینڈ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 506 رنز اسکور کئے اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی بولرز کی درگت بنادی۔
پاکستان کی جانب سے زاہد محمود نے ڈیبیو پر دو، حارث رئوف اور محمد علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
انگلش اوپنر 233 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، پہلی وکٹ بین ڈکٹ کی گری جب وہ 122 رنز بنا کر حارث رئوف کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
بین ڈکٹ نے 107، اولی پوپ نے 108 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ہیروی بروک 101 اور بین اسٹوکس 34 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
پاکستانی ٹیم کی اس درگت پر قومی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے راولپنڈی ٹیسٹ میں محمد عباس کی عدم شمولیت پر ٹویٹ کردیا۔سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ فاسٹ بولر محمد عباس کہاں ہیں۔
انہوں نے ہیش ٹیگز pakvseng، control اور #pressure بھی استعمال کیے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بین ڈکٹ کا کہنا تھا کہ آج کا دن میرے لیے بہت خاص ہے، پنڈی کی بیٹنگ وکٹ ہے اس پر وکٹیں لینا مشکل ٹاسک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اندازہ نہیں ہے کہ پچ کل کیسا برتا ئوکرے گی۔
زیک کروالی کا کہنا تھا کہ چار سنچریاں کرنا ہمارا گیم پلان نہیں تھا ہم کل بھی پلان کے مطابق ہی کھیلیں گے، ہمارے پاس پلان موجود ہے لیکن پچ اور بولنگ نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔