سابق کپتان ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا،کراچی ٹیسٹ کیریئر کا آخری میچ ہوگا

ہر چیز کے ختم ہونے کا وقت ہے،ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے اظہرعلی آبدیدہ ہوگئے

Pakistan’s Azhar Ali leaves the field after being dismissed during the fifth and final day of the first Test cricket match between Pakistan and Sri Lanka at the Rawalpindi Cricket Stadium in Rawalpindi on December 15, 2019. (Photo by Aamir QURESHI / AFP)


اسلام آباد:پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز اظہرعلی نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے ۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اظہر علی نے کہا کہ ہفتہ سے شروع ہونے والا کراچی ٹیسٹ ان کے کیرئیر کا آخری ٹیسٹ میچ ہوگا۔ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے اظہرعلی آبدیدہ ہوگئے جبکہ اس دوران انہوں نے اپنے سینئرز اور ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا۔
قومی کرکٹر نے کہا کہ فینز نے کرکٹ کی وجہ سے بہت پیار دیا جس پر ان کا شکر گزار ہوں، درخواست کرتا ہوں اسی طرح پاکستان کرکٹ کو سپورٹ کرتے رہیں۔37 سالہ اظہر علی نے کہا کہ ہر چیز کے ختم ہونے کا وقت ہے، میں چار پانچ سال انجری کا شکار رہا، میری فیملی نے میرے کیرئیر کے لیے بہت قربانیاں دیں، امید ہے اب انہیں کافی ٹائم دے سکوں گا۔اظہر علی نے پاکستان کی جانب سے اب تک 96 ٹیسٹ میچز کھیلے جس میں انہوں نے 7097 رنز بنائے ہیں۔اظہر علی نے مزید کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز کی بات ہے۔
سابق کپتان اظہر علی نے پاکستان کے لیے 96 ٹیسٹ اور 53 ون ڈے میچز کھیلے ہیں۔انہوں نے 96 میچوں میں 42.49 کی اوسط سے 7097رنز بنائے، وہ ملک کے پانچویں سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز سکور کرنے والے کھلاڑی ہیں۔اس سے قبل یونس خان (10,099)، جاوید میانداد (8,832)، انضمام الحق (8,829) اور محمد یوسف (7,530) کے ساتھ پہلی، دوسری، تیسری اور چوتھی پوزیشن پر قابض ہیں۔
اظہر علی نے سال 2010 میں آسٹریلیا کے خلاف انگلینڈ میں اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور اپنے دوسرے ہی میچ میں اپنی پہلی ٹیسٹ نصف سنچری بنائی، انہوں نے کیرئیر میں 35 نصف سنچریاں جبکہ 19 مواقع پر 100 رنز کا ہندسہ عبور کیا۔سابق کپتان گلابی گیند کے ٹیسٹ میں ٹرپل سنچری بنانے والے واحد پاکستانی بلے باز ہیں، یہ کارنامہ انہوں نے سال 2016 میں دبئی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف حاصل کیا تھا۔اپنے 12 سالہ کیریئر کے دوران اظہر نے دو ڈبل سنچریاں بھی بنائیں، ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کے خلاف 226 (مئی 2015) اور میلبرن (دسمبر 2016) میں آسٹریلیا کے خلاف 205 ناٹ آئوٹ شامل ہیں۔
اظہر علی نے انٹرنیشنل لیول پر ٹیسٹ فارمیٹ میں 7097 اور ون ڈے میں 1845 رنز بنائے ہیں۔اظہر علی نے کہا کہ مجھے کچھ بہترین کرکٹرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے جن کے ساتھ میرا مضبوط رشتہ ہے۔ میں ان لوگوں کو اپنا دوست کہہ کر بہت زیادہ امیر محسوس کرتا ہوں۔انہوں نے کہا میں اس لئے بھی خوش قسمت ہوں کہ میں نے کچھ ایسے شاندار کوچز کے ساتھ وقت گزارا ،میں ان کا ہمیشہ شکر گزار رہوں گا۔