سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب زرعی اور صنعتی ٹائیگر بننے جا رہا ہے،عامر مغل

نہ صرف عالمی میڈیا بلکہ ن لیگ کے ایم پی اے بھی بزدار سرکار کی کامیابیوں کا اعتراف کر رہے ہیں ،ترجمان پنجاب حکومت

 

اسلام آباد :وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب زرعی اور صنعتی ٹائیگر بننے جا رہا ہے۔ آج نہ صرف عالمی میڈیا میں بزدار سرکار کی کامیابیوں کا اعتراف کیا جا رہا ہے بلکہ ن لیگ کے ایم پی اے بھی اس بات کا اعتراف کر رہے ہیں کہ بزدار سرکار کی کارکردگی شہباز شریف کے دور سے کہیں بہتر ہے۔ اتحادی جماعت کے ساتھ اچھے تعلقات ہوں یا Covid 19 کی وبا سردار عثمان بزدار نے ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سردار عثمان کی کامیابیوں سے گھبرا کر اپوزیشن آئے دن وزیر اعلی کو ہٹائے جانے کا بے بنیاد پراپیگنڈہ کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ترجمان پنجاب حکومت عامر مغل نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا انتخاب درست ہے۔ سردار عثمان دن رات صرف اور صرف عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔ پنجاب بنیادی طور پر ایک زرعی صوبہ ہے جسے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت گزشتہ 35 سالوں سے شریف مافیا نے ترقی سے محروم رکھا ہے۔ پنجاب کی عوام کو میٹرو اور اورنج لائن کے چکر میں الجھا کر رکشے اور پاپڑ والوں کے نام پر پنجاب کی عوام کو کھربوں کا چونا لگایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا عثمان بزدار نے صرف دو سالوں میں وہ کام کر دئیے جو شریف اور زرداری مافیا ملکر بھی نہیں کر سکا۔ صرف دو سال کی قلیل مدت میں اربوں روپے کی لاگت سے شیخ عبدالقادر یونیورسٹی، کوہسار یونیورسٹی، گرو نانک یونیورسٹی، تھل یونیورسٹی، چکوال یونیورسٹی، غازی یونیورسٹی، بھکر یونیورسٹی اور 45 ارب کی لاگت سے 115 کلومیٹر لمبی جلالپور کینال منصوبے پر 121 سال بعد عملی کام شروع کر دیا جس سے ایک لاکھ ستر ہزار ایکڑ رقبہ سیراب ہو گا۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار اینٹی کرپشن نے ہزاروں ایکڑ سرکاری زمین واگزار کروانے کے ساتھ ساتھ کھربوں روپے کی ریکوری بھی کی ہے۔ 1992 کے بعد راولپنڈی رنگ روڈ پر عملی طور پر کام کا آغاز، 1860 کے گریٹر تھل کی کینال منصوبے کی چوبارہ برانچ، جس سے پسماندہ ترین اضلاع بھکر ، لیہ، مظفر گڑھ کی 2لاکھ 90 ہزار ایکڑ اراضی سیراب ہو سکتی ہے پر اسی سال کام شروع کر دیا جائے گا۔ ملک بھر میں کسانوں کو آسان شرائط پر قرضے دینے کے علاوہ چھوٹی منڈیاں بنائی جا رہی ہیں۔ تاکہ کسان زیادہ سے زیادہ منافع پر اپنی اجناس بیچ سکے۔ پنجاب بھر میں اربوں کی لاگت سے یونیورسٹیز کا قیام ، لاہور میں بارش کے پانی کا زخیرہ کرنے کیلئے پہلا انڈر گراونڈ منصوبہ مکمل کر لیا گیا ہے جس میں 14 لاکھ گیلن پانی محفوظ کرنے کی صلاحیت ہے۔ گوورنس پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے پنجاب میں ٹیچرز کی پوسٹنگ ٹرانسفر میں کروڑوں روپے کی رشوت ختم کر کے آن لائن سسٹم کے تحت اس کو E ٹرانسفر سسٹم کے تحت مربوط کر دیا گیا ہے۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار عوام کی سہولت کیلئے ان کی دہلیز تک موبائل وین کے ذریعے رجسٹری انتقال کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ صنعتی میدان میں اربوں روپے کی لاگت سے پنجاب بھر میں 10 ہزار ایکڑ پر 9 اکنامک زون بنائے جا رہے ہیں جس سے پنجاب بھر میں صنعتی انقلاب آ جائے گا۔ اس کے علاوہ بزدار سرکار کا بڑا کارنامہ جنوبی پنجاب کی عوام کے مطالبے کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کیلئے علیحدہ سیکرٹیریٹ کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے تا کہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہو سکیں۔