تعلیمی ترقی،شرح خواندگی میں اضافہ، نسل نو کی ذہنی آبیاری اور نجی شعبہ تعلیم کی معاشی و سماجی حالت میں بہتری آئے گی

اسلام آباد(نیوز رپورٹر)وفاقی دارالحکومت کے نجی تعلیمی اداروں کی سرکردہ تنظیم آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے ڈاکٹر سیدہ ضیا بتول کی بطور چیئرپرسن پیرا تعیناتی کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہاہے کہ یہ تعیناتی نجی شعبہ تعلیم کی ترقی اور بہتری میں اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل کے بارے میں بخوبی آگاہ ہونے کے باعث توقع ہے کہ وفاقی تعلیمی اداروں میں مثبت تبدیلی آئے گی جس سے نسل نو کی بہتر ذہنی آبیاری میں مدد جبکہ نجی شعبہ تعلیم سے متعلقہ افراد کی معاشی و سماجی حالت میں خوشگوار تبدیلی آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے معروف ماہر تعلیم ڈاکٹر ضیا بتول کو پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی(PEIRA)کی چیئرپرسن تعینات کیا ہے جو اس سے قبل بھی اس پوسٹ پر ذمہ داریاں بخوبی ادا کرچکی ہیں۔ ڈاکٹر ضیا بتول کی تعیناتی کو وفاقی دارالحکومت میں قائم نجی شعبہ تعلیم کی کردہ تنظیم،آل پاکستان پرائیویٹ سکولزاینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ملک ابرار حسین کا کہنا تھاکہ محترمہ ضیا بتول کا سابقہ دور انتہائی ترقی اور بہتری کا دور رہاہے جس میں نجی شعبہ تعلیم کے لیے ادارے کے دروازے کھولے گئے ان کی بات کو سنا گیا اور مسائل کو حل کرنے کی حقیقی معنوں میں کوششیں سامنے آئی ہیں۔ انہیں توقع ہے کہ یہ تسلسل قائم رکھتے ہوئے نجی شعبہ کے دیرینا مسائل حل کرائے جائیں گے۔


