متاثرین G/14 کا ہائوسنگ اتھارٹی کے مظالم کے خلاف سری نگر ہائی وے پر احتجاجی مظاہرہ

حلقہ کی سیاسی قیادت مظاہرین سے ہاتھ کر گئی ،انجم عقیل آئے نہ میاں اسلم، حاجی گلفراز بھی گولی دے گئے
تحریک لبیک کے غلام قادر چودھری اور ملک مہربان نے غمزدہ متاثرین کی اشک شوئی کی
عدالتیں اندھی اور بہری ہیں ،85 اور 2005 کے ریٹ نہیں مانتے ،اپنا حق حاصل کرنے کیلئے ہر قربانی دیں گے
مظالم اور ناانصافیوں کا سلسلہ بند نہ ہوا تو ہمارا اگلا احتجاج ہائوسنگ اتھارٹی کے دفترکے سامنے ہوگا
اپنے حقوق کے حصول کے لئے احتجاج کا طریقہ کار رنگ لے آیا،انتظامیہ کی جانب سے مسائل حل کی یقین دھانی پر مظاہرین پرامن منتشر

اسلام آباد:متاثرین G14 کا ہائوسنگ فائونڈیشن کے مظالم اور چیرہ دستیوں کے خلاف احتجاج مظاہرہ ،جی ٹی روڈ بلاک کر دی مقامی انتطامیہ کی جانب سے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے ۔
تفصیل کے مطابق ہاوئسنگ فائونڈیشن کے مظالم اور متاثرین کو بے گھر کرنے کے خلاف مقامی آبادی میدان میں آگئی اور بدھ کو شاہراہ کشمیر پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس موقع پر متاثرین نے ڈائریکٹر لینڈ احسان الہٰی اور ہائوسنگ انتظامیہ کے خلاف شدی نعرے بازی کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے گھروں کی حفاظت کے لئے کسی بھی جانی و مالی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہو ں نے واضح کیا کہ اگر زیادتیوں کا سلسلہ بند نہ ہوا تو ہمارا اگلا پڑائو ہائوسنگ اتھارٹی کے دفتر کے باہر ہوگا اور کسی کو بھی نہ دفتر کے اندر نہیں جانیں دیں گے۔
قبل ازیں ایک بڑے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مقامی سیاسی قیادت انجم عقیل خان، حاجی گلفراز اور دیگر کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔جو ودعدے کے باوجود متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے نہیں آئے بلکہ فون تک اٹینڈ نہ کئے۔ اس موقع پر تحریک لبیک پاکستان حلقہ NA54کے نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی غلام قادر چوہدری اور مسلم لیگ ن کے سابق وائس چئیرمین ملک مہربان نے متاثرین سے اظہار یکجہتی کیا۔
تحریک لبیک پاکستان حلقہ NA54کے نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی غلام قادر چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ آپ کا اتحاد ہی آپ کو بچائے گا آئندہ اگر کسی کا بھی مکان گرے تو گرانے والوں کو اسلام آباد میں کہیں چھپنے کی جگہ نہ ملے ۔میں آج ہائوسنگ اتھارٹی پر واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ اگر انہوں نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو ہمارے ہاتھ ان کے گریبانوں اور ایوانوں تک پہنچیں گے ۔انہوں نے کہا اسلام آباد کے اصل مالکان ہم ہیں ہم متاثرین نہیں مالکان ہیں متاثرین تو وہ ہیں جنہیں آپ نے لا کر یہاں بسایا ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر مولانا عبدالواسع پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک مذہبی جماعت سے تعلق ہونے کے باعث آپ کو زیب نہیں دیتا کہ آپ امراء کے لئے غریب دیہاتیوں کو تنگ کریں۔ انہوں نے کہا مظالم کا یہ سلسلہ نہ رکا تو ہم ہائوسنگ اتھاٹی کے دفتر کے باہر احتجاج کریں گے۔ تیس سالوں سے جاری مظالم کا یہ سلسلہ اب بند ہو جانا چاہیے۔
مسلم لیگ ن کے رہنماء رفاقت شاہ نے اپنے خطاب میں کہاکہ یہ ہماری بے اتفاقی کا نتیجہ ہے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ انہوں نے متاثرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا افسران بے دید ہوتے ہیں آپ کسی کو باتوں میں نہ آئیں ہمارے دکھ سکھ سانجھے ہیں۔
ساجد گیلانی نے کہا کہ کسی پر ظلم کریں گے نہ اپنے اوپر ظلم ہونے دیں گے۔ طاہر پراچہ نے سوال کیا کہ کیا ہمارے شناختی کارڈوں پر مقبوضہ کشمیر کے ایڈرس لکھے ہوئے ہیں ہم پر یہ مظالم کیوں کیا ہم اسلام آباد کے شہری نہیں ہیں۔ نائیک رفیق نے کہا کہ اس وقت اتحاد ہی ہمیں بچاسکتا ہے۔ اتحاد وقت کی ضرورت ہے اور ہم مل کر ظلم کا مقابلہ کریں گے۔ اسرار گیلانی نے کہا آپ ہی اسلام آباد کے اصل مالک ہیں اپنے اندر اتفاق پیدا کریں منافقت چھوڑ دیں اور ذاتی اور وقتی مفاد کے لئے ایک دوسرے کی گردنیں نہ کاٹیں ۔اسماعیل امان نے کہا ہم کوئی گوگل اور نان گوگل نہیں مانتے کسی کو زبردستی نہیں کرنے دیں گے ۔ آئندہ ہمارے گھر گرانے والوں کو پہلے ہماری لاشوں سے گزرنا ہوگا۔