ہائپر جوائے طوفان کے باعث سندھ اور بلوچستان میں بھی بارش کا امکان
محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو 17 جون تک کھلے سمندر میں نہ جانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں

اسلام آباد:محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش کا امکان ہے جس سے گرمی کا زور ٹوٹ جائے گا ۔ بارہ جون کی رات کے موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، خیبر پختونحوا، شمال مشر قی بلوچستان اورکشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ پنجاب کے بیشتر جنوبی اضلاع میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا ، جبکہ میانوالی،سرگودھا،جھنگ ،فیصل آباد،قصور اور لاہور میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آندھی چلنے کا علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی توقع ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم جزوی ابر آلود رہے گا۔ اس کے علاوہ دیر ، چترال ،کو ہستان ، کرم مانسہرہ ،ایبٹ آباد، پشاور، کوہاٹ میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے ۔ بنوں ،وزیرستان،ڈی آئی خان اور گرد ونواح میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مری ،گلیات، خطہ پوٹھوہار ، نارووال، سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، صوبے کے جنوبی اضلاع میں بعد ازدوپہر گردآلود ہوئیں آندھی چلنے کا بھی امکان ہے ، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، بارکھان ، قلعہ سیف اللہ ،قلات، خضدار،لسبیلہ ، مکران ،آوران اور تربت میں آ ندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
دوسری طرف سمندری طوفان ہائپر جوائے میں بھی شدت آرہی ہے اور اس کے سندھ اور بلوچستان کے ساحلوں سے ٹکرانے کے باعث کراچی اور گوادر سمیت کئی علاقوں میں بارش کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق
طوفان کا پھیلا ئوبہت زیادہ ہے اور ہوائیں انتہائی شدید ہیں اس لیے کراچی میں 14 یا 15 جون کو آندھی کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان گزشتہ 12 گھنٹوں سے شمال کی جانب بڑھ رہا ہے جو کراچی کے جنوب سے 600کلو میٹر اور ٹھٹھہ کے جنوب سے 580 کلومیٹر دور ہے، طوفان کے سبب سمندر میں ہوا کی رفتار 180سے 220 کلو میٹرفی گھنٹہ کے درمیان ہے، 14 جون تک سمندری طوفان شمال کی جانب بڑھے گا اور 15 جون کی دوپہرکو طوفان جنوب مشرقی سندھ اور بھارتی گجرات کو عبورکریگا، 15 جون کی صبح تک سمندری طوفان کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان ٹکرا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ سسٹم کے مرکز کے گرد لہریں 35 سے40 فٹ تک بلند ہورہی ہیں جب کہ طوفان سے کیٹی بندر پر لہریں 8 سے 12 فٹ بلند ہوسکتی ہیں۔طوفان سے ساحلی پٹی پر آندھی اور گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش ہوسکتی ہے، جنوب مشرقی سندھ میں کچھ مقامات پرشدید بارش بھی ہوسکتی ہے جہاں ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر اور عمرکوٹ میں 13 سے17 جون تک موسلادھاربارش کا امکان ہے جب کہ ان علاقوں میں ہواں کی رفتار 80 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ رہ سکتی ہے۔اس کے علاوہ ٹنڈومحمد خان، ٹنڈو الہ یار اور میرپورخاص میں بھی میں 13 سے16 جون کے دوران موسلادھار بارش متوقع ہے۔ٹھٹھہ، بدین، سجاول، میرپورخاص، عمر کوٹ اور ٹنڈومحمد خان میں 300 سے 400 ملی میٹر بارش متوقع ہے
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ کراچی، حیدرآباد میں 13سے16 جون کے درمیان آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھاربارش کا امکان ہے، اس دوران ہوائیں 60 سے 80 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں جس سے کمزور عمارتوں، تعمیرات اور کچے مکانات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو 17 جون تک کھلے سمندر میں نہ جانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
علاوہ ازیں جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز نے بتایا کہ طوفان کا رخ طے ہوچکا ہے کہ وہ شمال مشرق کی جانب ہی رہے گا، طوفان 15 جون کو کیٹی سے ٹکرائے گا۔انہوں نے کہا کہ جن علاقوں سے طوفان گزرتا ہے وہاں 300 سے 400 ملی میٹر بارش متوقع ہوتی ہے اسی لیے جنوب مشرقی سندھ میں ٹھٹھہ، سجاول، بدین، میرپور خاص اور آس پاس کے علاقوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ طوفان سے کراچی، حیدرآباد، نوابشاہ سانگھڑ اور ٹنڈو محمد خان میں تیز بارش متوقع ہے، طوفان کا پھیلا بہت زیادہ ہے اور ہوائیں انتہائی شدید ہیں اس لیے کراچی میں 14 یا 15 جون کو آندھی کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے جب کہ 70 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ خاصہ طاقتور سسٹم ہے جو کراچی کے قریب سے گزرے گا اس سے شہر میں کم از کم 50 یا پھر 100 ملی میٹر بارش متوقع ہے۔




