غریب اور مظلوم عوام کی مدد ہمیشہ سے پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ رہا ہے اور رہے گا
امراء کے محلوں کے لئے کسی کو غریب کی جھونپڑی گرانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، عمران اشرف

اسلام آباد:موجودہ سپیکر قومی اسمبلی اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے بھائی عمران اشرف نے متاثرین G14 کے زخموں پر مرہم رکھ دیامتاثرین کو ہر طرح کی مدد کی یقین دہانی آئندہ کسی نے زبردستی آپ کے گھر گرانے کی کوشش کی تو اس کے دانت توڑ دئیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ہائوسنگ اتھارٹی کے آئے روز کے آپریشنز اور امراء کے محلوں کے لئے غرباء کی جھونپڑیاں گرانے کا عمل اس وقت رک گیا جب متاثرین G14 ہر طرف سے مایوس ہو کر اپنی فریاد لے کر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء اور اسلام آباد سے قومی اسمبلی کے سابق امیدوار راجہ عمران اشرف کے پاس گئے توا نہوں نے متاثرین کے سر پر دست شفقت رکھ دیا اور واضح کیا کہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا غریب عوام پیپلزپارٹی کے ماتھے کا جھومر ہیں ۔معاشرے کے محروم اور پسے ہوئے طبقات کو ظالموں سے ان کا حق دلوانا پیپلز پارٹی کی سیاست کا منشور ہے۔ کسی طاقتور کی جانب سے کسی مظلوم کے ساتھ کوئی بھی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا پیپلزپارٹی غریب کو روٹی ، کپڑا اور مکان دینے کیلئے آئی ہے کسی ظاہم کو کسی غریب کا مکان گرانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا ہائوسنگ فائونڈیشن کو کسی بھی صورت اپنی نااہلی اور نالائقی کا ملبہ غریب عوام پر ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اگر کسی نے غریب کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو اس کی آنکھ پھوڑ اور دانت توڑ دئیے جائیں گے۔
قبل ازیں ہائوسنگ اتھارٹی کے آئے روز کے آپریشنز اور چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے کے خلاف متاثرین ہر طرف سے مایوس ہو کر اسلام آباد سے پیپلز پارٹی کے امیدوار برائے قومی اسمبلی راجہ عمران اشرف (جو سابق وزیراعظم اورموجودہ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے بھائی ہیں) کے پاس گئے اور ان سے فریاد کی کہ وہ مظلومین کی مدد کریں ۔جس پر انہوں نے متاثرین کے سر پر دست شفقت رکھا اور انہیں ہر طرح کی مدد اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
راجہ عمران اشرف سے ملاقات کرنے والوں میں ممبر پاکستان بار کونسل سید واجد گیلانی، رفاقت شاہ ، نائیک رفیق اور دیگر متاثرین شامل تھے۔



