
اسلام آباد:گرمی کے دن آتے ہی ہر گھر میں چھپکلیاں گھومتی نظر آتی ہیں باالخصوص جہاں روشنی ہو وہاں ان کی آمدورفت بہت زیادہ ہو جاتی ہے۔خواتین چھپکلیوں کو دیکھ کر خوفزدہ ہو جاتی ہیں تومردوں کو بھی ان سے کراہت محسوس ہوتی ہے۔
اکثر افراد کو گھر میں چھپکلیوں کا نظر آنا بالکل پسند نہیں ہوتا۔تاہم شاہد بہت کم لوگ یہ جانتے ہیں کہ چھپکلیوں کو گھر سے دور رکھنا کافی آسان ہے ۔
ویسے تو چھپکلیاں گھر سے کیڑوں اور مکڑیوں کا صفایا کرتی ہیں مگر ان کو پسند کوئی نہیں کرتا۔تو کیاگھر میں ایسے بن بلائے مہمانوں کی آمد نے آپ کو پریشان تو نہیں کر دیا؟تو اچھی بات یہ ہے کہ چند عام چیزوں یا طریقوں سے آپ انہیں گھر سے باہر نکال سکتے ہیں۔
انڈوں کے چھلکے
چھپکلیوںکو گھر سے بھگانے کیلئے انڈوں کے چھلکوں سے مدد لی جاسکتی ہے۔یہ بہت موثر اور سستا طریقہ ہے جس سے چھپکلیوں کو ڈرا کر گھر سے بھگانا ممکن ہے۔
چھپکلیاں انڈوں کے چھلکوں کو شکاری کے روپ میں دیکھتی ہیں۔ چھپکلیوں کو گھر سے بھگانے کے لیے انڈوں کے چھلکے مختلف مقامات جیسے کچن یا دیگر میں رکھ دیں۔انڈوں کے 2 ٹکڑوں میں تقسیم چھکوں کو استعمال کریں اور ہر جگہ جوڑی کی شکل میں ان کو رکھیں، چھپکلیاں ان کو دیکھ کر بھاگ جائیں گی۔ان چھلکوں کو ہر 3 سے 4 ہفتے بعد بدل دیں۔
کافی بھی مددگار
کافی کے چورے اور تمباکو پاڈر کو گیلا کرکے آپس میں ملاکر ہاتھ سے چھوٹی گیند بنالیں اور ان کے ایک سرے میں ٹوتھ پک لگادیں۔اس گیند کو اس جگہ رکھ دیں جہاں چھپکلیاں اکثر نظر آتی ہیں۔اس کو کھانے سے چھپکلیاں مر جائیں گی۔
لہسن
انسانوں کی طرح چھپکلیاں بھی لہسن کی بو کو ناپسند کرتی ہیں۔لہسن کی تیز بو صرف انسانوں کو ہی ناپسند نہیں ہوتی بلکہ یہ چھپکلیوں کو بھی گھر سے دور رکھتی ہے۔اس کے لیے لہسن کے ٹکڑوں کو گھر سے باہر ایسی جگہ پر رکھ دیں جہاں سے چھپکلیوں کے اندر آنے کا امکان ہوتا ہے، جس کے بعد وہ گھر میں داخل نہیں ہوں گی۔
پیاز
پیاز بھی چھپکلیوں کو گھر سے دور رکھنے میں مدد فراہم کر سکتی ہے۔اس کے لیے پیاز کو آدھا کاٹ کر اس جگہ پر رکھ دیں جہاں چھپکلیاں اکثر چھپتی ہوں اور بس پیاز کی بو چھپکلیوں کو دور بھگا دے گی۔
سرخ مرچوں کا اسپرے
سرخ مرچ اور پانی کو ملا کر اسپرے بوتل میں ڈال لیں اور اس سیال کو گھر میں مختلف جگہوں جیسے فریج کے نیچے، فرنیچر کے پیچھے یا دیواروں پر اسپرے کریں۔
درحقیقت ہر اس جگہ اسپرے کریں جہاں چھپکلیاں نظر آئی تھیں، اس اسپرے کا محلول چھپکلیوں میں خارش کا احساس پیدا کرکے انہیں گھر سے دور بھگا دے گا اور آپ کو ان سے نجات مل جائے گی۔
کافور
کافور کی گولیوں کو فریج، سنک یا چولہے کے نیچے رکھ دیں، اس سے بھی چھپکلیاں گھر سے غائب ہو جائیں گی۔
۔۔۔۔۔



