اس ظالم ٹورنامنٹ نے جہاں کئی کھلاڑیوں کا زمین سے آسمان پر پہنچا یا تو وہیں کئی کھلاڑیوں کو ہیرو سے زیرو بنادیابلکہ ان کے کیرئیر کے اختتام کا سبب بھی بن گیا
ورلڈ کپ سے قبل ہی اس میں شریک دو کھلاڑی افغانستان کے نوین اور بھارت کے ایشونت عزت سے رخصت ہونے کیلئے یہ اعلان کر چکے ہیں کہ یہ ان کا آخری ورلڈ کپ ہوگا
اسلام آباد(محمد رضوان ملک) کرکٹ ورلڈ کپ ہمشیہ سے کھلاڑیوں کے لئے ایک بڑا امتحان رہا ہے۔ اس ظالم ٹورنامنٹ نے جہاں کئی کھلاڑیوں کا زمین سے آسمان پر پہنچا دیا تو وہیں کئی کھلاڑیوں کو ہیرو سے زیرو بنادیابلکہ ان کے کیرئیر کے اختتام کا سبب بھی بن گیا ۔
کئی ایک کھلاڑی ورلڈ کپ سے قبل ریٹائرمنٹ کا اعلان بھی کر دیتے ہیں ۔ان کا مقصد یا تو شائقین کی ہمدردی اور توجہ حاصل کرنا ہوتا ہے یا پھر وہ خبروں میں رہنے کے لئے ایسا کرتے ہیں۔ ان میں سے بعض ایسے بھی ہوسکتے ہیں جو عزت کے سے رخصت ہونے کو ترجیح دیتے ہیں۔
موجودہ ورلڈ کپ بھی یقینا کئی کھلاڑیوں کا آخری ورلڈ کپ ہوگا؟اس حوالے سے قبل از وقت تو کوئی پیشنگوئی نہیں کی جاسکتی ۔
تاہم اس وقت تک موجودہ ورلڈ کپ کھیلنے والوں میںکم از کم دو کھلاڑی ایسے ہیںجنہوں نے پہلے ہی اعلان کر دیا ہے کہ یہ ورلڈ کپ ان کا آخری ورلڈ کپ ہوگا اور ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے علیحدگی اختیار کر لیں گے۔
ورلڈ کپ سے قبل ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والوں میں افغانستان کے نوجوان فاسٹ بولر نوین الحق اور بھارت کے ادھیڑ عمر روی چندرن ایشون شامل ہیں۔
ایشون کی حد تک تو بات سمجھ آتی ہے کہ ایک تو اسپنر اکشر پٹیل کے ان فٹ ہونے کی وجہ سے ان کی قسمت جاگی ۔دوسرے 37 سال کے ہوجانے کے بعد وہ عمر کے اس حصے میں ہیں کہ اگلے ورلڈ کپ تک اپنی فٹنس کے ساتھ ساتھ ٹیم میں جگہ برقرار رکھنا ان کے لئے کافی مشکل نظر آتا ہے۔
دوسری جانب افغانستان کے نوین کی طر ف سے یہ اعلان یا تو جذباتی ہو سکتا ہے یا پھر خبروں میں رہنے کا ایک طریقہ۔
بھارت میں چند روز بعد شروع ہونے والے ورلڈکپ کے لیے افغان ٹیم میں شامل24 سالہ نوجوان فاسٹ بولرنوین الحق نے ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیاہے۔ دو سال سے بھی زائد عرصے بعد کم بیک کر کے ون ڈے ٹیم میں جگہ بنانے والے 24 سالہ افغان فاسٹ بولر نوین الحق نے ورلڈکپ کے بعد ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر کے سب کو حیران کر دیا۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں نوین الحق نے لکھا کہ اپنے ملک کی نمائندگی کرنا بہت ہی فخر کی بات ہے لیکن میں ورلڈکپ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہو جائوں گا تاہم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے لیے اپنی ٹیم کو دستیاب رہوں گا۔انہوں نے مزید لکھا کہ یہ بہت ہی مشکل فیصلہ ہے لیکن اپنے کیرئیر کو طویل کرنے کے لیے یہ مشکل فیصلہ کرنا پڑا، افغان کرکٹ بورڈ اور تمام چاہنے والوں کا سپورٹ کرنے کے لیے بہت شکریہ۔
نوین الحق انٹرنیشنل کرکٹ کے علاوہ دنیا بھر میں ہونے والی مختلف ٹی ٹوئنٹی لیگز بھی کھیلتے ہیں جن میں پی ایس ایل، بگ بیش، لنکا پریمیئر لیگ اور آئی پی ایل شامل ہے۔
دوسری طرف بھارت کے تجربہ کار آف اسپنر روی چندرن ایشون کا کہنا ہے کہ بھارت کیلئے یہ ورلڈکپ ان کا آخری ورلڈکپ ہو سکتا ہے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ورلڈکپ کیلئے آخری لمحات میں اپنے اسکواڈ میں ایک اہم تبدیلی کرتے ہوئے انجرڈ اکشر پٹیل کی جگہ روی چندرن ایشون کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ بھارتی اسپنر اکشر پٹیل ایشیاکپ میں بنگلادیش کے خلاف میچ میں انجری کا شکار ہوئے تھے جو صحتیاب نہیں ہو سکے ہیں لہذا بھارت نے اکشر پٹیل کی جگہ آف اسپنر روی چندرن ایشون کو شامل کرلیا ہے۔
دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے خلاف پہلے وارم اپ میچ سے قبل 37 سالہ ایشون نے بتایا کہ یہ بھارت کے لیے میرا آخری ورلڈ کپ ہو سکتا ہے، اس لیے ٹورنامنٹ سے لطف اندوز ہونا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
آف اسپنر نے آخری لمحات میں ورلڈکپ کیلئے اسکواڈ میں شامل ہونے پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا اسکواڈ میں شامل ہونے پر مجھے یقین نہیں آرہا تھا لیکن زندگی حیرتوں سے بھری پڑی ہے، میں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ میں اسکواڈ میں شامل ہوں گا لیکن حالات نے اس بات کو یقینی بنایا کہ میں آج اسکواڈ میں شامل ہوں، ٹیم انتظامیہ نے مجھ پر اعتماد ظاہر کیا ہے۔
ورلڈکپ میں بھارتی ٹیم کی قیادت روہت شرما کریں گے جبکہ ہاردک پانڈیا نائب کپتان ہوں گے۔




