ہمارے سیارے کا مستقبل ہماری آنے والی نسل پر ہے ہمیں اس کے لئے ایک پائیدار اور سر سبز مستقبل کی طرف بڑھنا ہے کینڈین ہائی کمشنر

راولپنڈی:اکائونٹیبلیٹی لیب پاکستان کی طرف سے ، فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی اور کینیڈین ہائی کمیشن کے تعاون سے 3 اکتوبر سے5 اکتوبر تک بوٹ کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے نوجوانوں کی قیادت تیار کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور ان کے ممکنہ حل سے نمٹنے کے لئے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بہترکرنے کے لئے ورکشاپ میں مختلف انٹرایکٹو سیشنز اور ہینڈ آن سرگرمیاں منعقد کروائی گئیں۔ طالبات کو یہ باور کروایا گیا کہ وہ ماحول کے تحفظ کے لئے مستقبل کے رہنماں اور پالیسی سازوں کے طور پر اپنا کردار ادا کریں۔ ورکشاپ کے شرکا نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مختلف منصوبوں پر کام کرنے ، تعاون کو فروغ دینے اور مسائل کے حل کے لئے جدید حل تلاش کرنے کے لئے گروپوں میں بھی کام کیا۔ شرکا اور ماہرین کے درمیان نیٹ ورکنگ کی سہولت فراہم کی گئی، ابھرتے ہوئے اور پر جوش نوجوانوں کے لئے ایک کمیونٹی کی طرز پر سپورٹ مہیا کی گئی جس میں موسمیاتی تبدیلی کی وکالت کے لے متحرک نوجوانوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔
ہائی کمشنر آف کینیڈا، ایچ ای لیسلی اسکینلن کا کہنا تھا "کیونکہ ہمارے سیارے کا مستقبل ہماری آنے والی نسل پر ہے،اس لیے ضروری ہے کہ ہم نوجوانوں کو درکار ضروری علم، ہنر، ٹولز اور با اختیار بنانے کے مواقع فراہم کریں تاکہ ایک پائیدار اور سر سبز مستقبل کی طرف بڑھا جا سکے۔ پاکستان میں موجود کینیڈا فنڈ فار لوکل انیشی ایٹو موسمیاتی تبدیلیوں کیلئے متحرک نوجوانوں، این جی اوز، اور سول سوسائٹی کے ساتھ شراکت داری کیساتھ کام کر رہا ہے، تاکہ پاکستانی نوجوانوں کیساتھ مل کر موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحول کی بہتری کے لئے فعال کردار کو یقینی بنایا جا سکے۔ ہمارا مشن یہاں تک صرف محدود نہیں ہے بلکہ اس سے آگے بڑھ کر کینیڈا موسمیاتی تبدیلی کے لئے تزویراتی ردعمل کو ڈیزائن کرنے میں خواتین اور لڑکیوں کے کردار کی بھی حمایت کرتا ہے۔ ہم اس بات کو بھی یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہیں کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق منصوبہ بندی، پالیسی سازی اور فنانسنگ، خواتین کی ضروریات اور چیلنجز سے پوری طرح ہم آہنگ ہوں۔ اس حوالے سے ہماری مجموعی طور کوششیں اس بات کو یقینی بناتی ہیں کہ نوجوانوں کی آوازوں کی حوصلہ افزائی کی جائے اور خواتین اور لڑکیوں کے کلیدی کردار کو موسمیاتی حل کے لئے استعمال کیا جائے۔ ایک دوسرے کیساتھ مل کر کام کرنے سے ہم اٹھائے گئے اقدامات کو عملی جامہ پہناتے ہوئے معاشرے کے لئے دیر پا مثبت تبدیلی کو یقنی بنا سکتے ہیں جس سے ہر کوئی فائدہ حاصل کر سکتا ہے۔
بوٹ کیمپ کی لیڈ ٹرینر، عافیہ سلام کے مطابق، "پاکستان تقریبا” ڈیڑھ دہائی سے موسمیاتی تبدیلی کے خطرے کے انڈکس میں ٹا پ ٹین میں شمار کر رہا ہے پھر بھی ہمیں اس خطرے سے متعلق معاشرے میں عوامی آگاہی کے طور پر کوئی گفتگو نظر نہیں آتی۔ لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ اس طرح کی رکاوٹوں کو توڑتے ہوئیمعاشرے کے دیگر طبقات کی اس خطرے کو سمجھنے اور باختیار بنانے میں مدد کریں”۔
پروگرام مینیجراکانٹیبلیٹی لیب ، فرحان خالد کا کہنا تھا کہ "عالمی ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے کہ نوجوانوں کو علم سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی قائدانہ صلاحیتوں کوبہتر کیا جائے اور ان کو باختیار بنایا جائے”۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بوٹ کیمپ نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے نوجوانوں کے کلیدی کردار پر زور دیا۔ اس بوٹ کیمپ نے ، نوجوانوں کی پائیدار طریقوں سے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے لیڈرشپ تیارکرنے کے لئے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔
اکانٹیبلیٹی لیب پاکستان کے بارے میں:
اکانٹیبلیٹی لیب پاکستان ایک قومی تھنک ٹینک ہے، جو فعال شہریوں، ذمہ دار رہنماوں اور جوابدہ اداروں کے ذریئے عوام کے بنیادی حقوق تک رسائی کے لئے کام کر رہا ہے۔ لیب پاکستان بھر سے فعال شہریوں اور ذمہ دار رہنماں کی ایک ایسی تحریک پر کام کر رہی ہے، جو عوامی خدمات کی بہتر فراہمی مثبت سماجی اور اقتصادی تبدیلی کے لئے معلومات کی فراہمی اور ان کے تعمیری استعمال میں مدد کر سکے۔




