ٹیم پاکستان اور پاکستانی قوم نے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لئے ایک بار پھر بارش سے امیدیں باندھ لیں

اسلام آبادرپورٹ:(محمد رضوان ملک) بھارت میں کھیلے جانے والے کرکٹ کے عالمی ورلڈ کپ کے الگے مرحلے میںجانے کے لئے ٹیم پاکستان اور پاکستانی قوم نے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لئے ایک بار پھر بارش سے امیدیں باندھ لی ہیں ۔ اگر بارش نہ ہوئی تو پاکستانی ٹیم کو آئی سی سی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے انگلینڈ کو ایک بہت بڑے مارجن سے ہرانا ہوگا۔
یا پھر سری لنکا نیوزی لینڈ کو برادے جس کی بظاہر کوئی صورت نظر نہیں آتی۔ تاہم اگر سری لنکا کی ٹیم اگلے میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے دیتی ہے تو ایسی صورت میں گرین شرٹس انگلینڈ کو ہرا کر باآسانی سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گے۔تاہم اگر نیوزی لینڈ کی ٹیم سری لنکا کے خلاف کامیاب رہتی ہے تو ایسی صورت میں ناصرف قومی ٹیم کو انگلینڈ کو ہرانا ہو گا بلکہ ایک بڑے مارجن سے ہرانا ہو گا۔جو کم از کم 131 رنز بنتے ہیں ۔ا س لئے قوم اور پاکستانی ٹیم کی نظریں ایک بار پھر بارش کے لئے آسمان کی جانب اٹھ گئی ہیں۔
موجودہ صورتحال میں پاکستان کو سیمی فائنل تک رسائی اور رن ریٹ میں نیوزی لینڈ سے آگے نکلنے کے لیے کم از کم 130 رنز کے مارجن سے فتح درکار ہو گی جبکہ نیوزی لینڈ کی فتح کا مارجن ایک رن سے زائد ہونے کی صورت میں پاکستان کو مزید بڑے مارجن سے میچ جیتنا ہو گا۔
تاہم سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان بنگلور میں 9 نومبر کو کھیلے جانے والے میچ میں بارش کا بھی قومی امکان ہے اور ڈے نائٹ میچ ہونے کی وجہ سے میچ کے بارش کی وجہ سے بہت زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔اگر میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہو جاتا ہے تو ایسی صورت میں سری لنکا اور نیوزی لینڈ دونوں کو ایک، ایک پوائنٹ ملے گا، یوں نیوزی لینڈ کے مجموعی پوائنٹس 9 ہو جائیں گے اور ایسی صورت میں بھی پاکستان کی ٹیم انگلینڈ کو ہرا کر فائنل فور میں جگہ بنا لے گی۔
اس ساری صورت حال کو دیکھتے ہوئے بارش ہی امیدوں کا واحد مرکز ہے۔ کیونکہ اس بات کا امکان کم ہی ہے کہ سری لنکا نیوزی لینڈ کو شکست دے سکے اور اس کا بھی امکان کم ہے کہ پاکستان انگلینڈ کو 131 رنز کے بڑے مارجن سے ہرا سکے۔




