اسلام آباد:جماعت اسلامی اسلام آباد کے نائب امیر و امیدوار برائے حلقہ قومی اسمبلی این اے47اسلام آباد محمد کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کو مسائلستان بنانے والی تمام جماعتوں کو عوام نے یکسر مسترد کردیا ہے اور اب عوام کی امیدوں کا محور صرف جماعت اسلامی ہے،جماعت اسلامی نے معاشی،داخلی،خارجی محاذوں پر درپیش مسائل کے حل کے لئے مضبوط ٹیمیں تشکیل دے رکھی ہے ،عوام کی ووٹ اور سپورٹ سے ہم اقتدار میں آکر مسائل کو حل کریں گے اور وطن عزیز کو حقیقی عوامی فلاحی ریاست بنائیں گے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں حلقہ این اے 47کے عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی ۔حلقہ این اے 47کے عوام نے محمد کاشف چوہدری کو اپنی بھرپور حمایت اور سپورٹ کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ماضی میں یہاں سے منتخب ہونے والوں نے کامیاب کے بعد عوام کو لاوارث چھوڑ دیا لیکن اس بار نہ پی ڈی ایم اور نہ پی ٹی آئی صرف جماعت اسلامی ہی عوام کی امیدوں کا محور ہے ۔
محمد کاشف چوہدری نے عوام کی حمایت اور سپورٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے قومی مفاد کے بجائے ذاتی مفاد کو ترجیح دی اور وطن عزیز کو مسائلستان بنا دیا اور اج عوام مہنگائی سے اس قدر پریشان ہیں کہ دو وقت کی روٹی تک میسر نہیں جبکہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ نے بھی عوام کا جینا دو بھر کر رکھا ہے ،جماعت اسلامی عوام کے دکھوں کا مدوا کرے گی اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کریں گے .
۔۔۔۔۔



