ڈاکٹر گوہر اعجاز پر وزارتیں نچھاور

تجارت ، صنعت، سرمایہ کاری بورڈ اور داخلہ کے بعد وزارت اورسیز کا اضافی چارج بھی مل گیا

اسلام آباد:نگرانی وفاقی وزیر ڈاکٹر گوہر اعجاز پر وزارتیں نچھاور ہو رہی ہیں ،گزشتہ روز ڈاکٹر گوہر اعجاز کو وزارت اور سیز کا اضافی چارج بھی دے دیا گیا جبکہ ان کے پاس پہلے ہی تین سے چار وزارتیں ہیں ۔اس سے قبل ان کے پاس تجارت ، صنعت، سرمایہ کاری بورڈ اور داخلہ جیسی اہم وزارتیں ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گوہر اعجاز کے پاس وزارت داخلہ، تجارت و صنعت کا قلمدان بھی رہے گا،نگران وزیر داخلہ وتجارت گوہر اعجاز کے پاس سرمایہ کاری بورڈ کا چارج بھی ہے۔
قبل ازیں نگران وفاقی وزیر ڈاکٹر گوہر اعجاز نے وزارت داخلہ کا باقاعدہ قلمدان سنبھالا۔وزارت داخلہ آمد پر سینئر حکام نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا،نگران وزیر داخلہ کی وزارت کے سینئر افسران سے تعارفی ملاقات ہوئی۔وزیر داخلہ کو وزارت داخلہ اور اسکے ذیلی اداروں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی،ڈاکٹر گوہر اعجاز پاکستان کے 48 ویں وفاقی وزیر داخلہ ہیں۔
یاد رہے وزارت داخلہ کی حساس وزارت پانچ ہفتوں تک نگران وزیر داخلہ سے محروم رہی۔سر فراز بگٹی نے15 دسمبر کو اپنے عہدے سے استعفی دیاتھا تاکہ وہ الیکشن میں حصہ لے سکیں ۔رولز کے تحت اگر کوئی وزارت کسی کو نہ دی جا ئے تو اس کے انچارج وزیر خود وزیر اعظم ہوتے ہیں۔