انتخابات ہر صورت آٹھ فروری کو ہی ہوں گے ، چیف الیکشن کمشنر


عام انتخابات میں کامیاب آزاد امیدوار اکثریت میں زیادہ ہوں تو وزیر اعظم بھی بنا سکتے ہیں


اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر سلطان سکندر راجہ نے کہا ہے کہ انتخابات ہر صورت آٹھ فروری ہو ہی ہوں گے ۔انتخابات کے بروقت انعقاد کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔عام انتخابات میں کامیاب آزاد امیدوار اکثریت میں زیادہ ہوں تو وہ اپنا وزیر اعظم بھی بنا سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے آزاد امیدوار اکثریت میں زیادہ ہوں تو وزیر اعظم بھی بنا سکتے ہیں۔
آزاد امیدوار 3 دن کے اندر پارٹی جوائن کرنے کے پابند ہیں اور اگر وہ مقررہ وقت میں پارٹی جوائن نہیں کرتے تو آزاد ارکان رہیں گے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن میں بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر اجلاس ہوا جس کے اعلامیہ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی چیلنجز کے باوجود انتخابات ہر صورت 8 فروری کو ہونگے،امن و امان کی صورتحال خراب کرنے والوں کیساتھ سختی سے نمٹا جارہا ہے۔
اجلاس میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں امن وامان کی بگڑتی صورتحال پر اظہار تشویش کیا گیا،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشتگردی، سیکیورٹی چیلنجز کے باوجود انتخابی عمل نہیں رکے گا۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے انتخابات 8 فروری کو ہوں گے،سکندر سلطان راجہ نے دہشتگردی کو انتخابی عمل کا سب سے بڑا دشمن قرار دیا۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ عام انتخابات کے پرامن انتخابات کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے،سیاسی جماعتوں، امیدواروں ، ووٹرز اور بلا خوف و خطر انتخابی عمل کا حصہ بننے کیلئے اقدامات کیے جائیں،پولنگ ڈے اور گنتی کے وقت قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر سے ہوشیار رہیں۔
نگران وزیرداخلہ کا بھی کہنا تھا کہ عام انتخابات کسی صورت ملتوی نہیں کیے جائیں گے ،انتخابات کیلئے جتنی سیکیورٹی درکار ہوگی ، فراہم کریں گے۔گوہراعجاز نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تیاریوں پر اظہار اطمینان کرتا ہوں،انتخابات ملتوی کرنے کے حوالے سے اجلاس میں کوئی تجویز زیر غور نہیں آئی۔