فیصل آباد: عمران خان نے آئی ایم ایف کو خط لکھ کر ثابت کردیا کہ پی ٹی آئی کا ایجنڈہ ملکی معیشت کو تباہ کرناہے، ملک و قوم پر قرضوں کا جان لیوا بوجھ ڈالنے والوں کو اب فکر ہورہی ہے کہ قرضہ واپس کون کرے گا، پاکستان مسلم لیگ ن نے ہمیشہ وطن عزیز کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے ، علما و مشائخ پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کا پہرہ جاری رکھیں گے۔
عالمی سطح پر پاکستان کیلئے مشکلات پیدا ہونے کی بڑی وجہ تحریک انصاف ہے، تحریک انصاف ایک مرتبہ پھر آء ایم کو خط لکھ کے ریاست سے بے وفائی کی مثال قائم کرنے چلی ہے، مریم نواز مسلم لیگ ن کے عوامی خدمت کے ویژن کو آگے بڑھائیں گی،یہ بات پاکستان مسلم لیگ ن علما و مشائخ ونگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری صاحبزادہ حافظ محمد امجد نے علما کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی، کنونشن سے پیر ظہیر عباس قادری، مولانا مظفر عثمانی، مولانا احسان الحق صدیقی، مولانا محمد اسلم ندیم، حافظ محمد شعیب الرحمن قاسمی ایڈیشنل سیکرٹری پنجاب ، حافظ محمد طیب قاسمی میڈیا کوآرڈینیٹر علما و مشائخ ونگ پنجاب ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔
حافظ محمد امجد نے کہا کہ علما و مشائخ منبر ومحراب سے عوام میں وہ شعور پیدا کریں جس سے اسلامی ، فلاحی معاشرہ تشکیل پاسکے، اس وقت عوام میں بڑھتی ہوئی غیر یقینی کی صورتحال کی کیفیت دور کرنے کے لئے قومی سطح پر ایسا پر امن اور خوشگوار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے جس کے بعد ملک میں سیاسی استحکام لانا بھی آسان ہو جائے گا اور معاشی سرگرمیوں کا بھی عملی طور پر آغاز ہو سکے گا۔


