رمضان ریلیف پیکچ 2024 کا آغاز 4 مارچ سے ہوگا اور چاند رات تک جاری رہے گا

اسلام آباد:حکومت کی جانب سے جہاں ایک طرف عوام کے لئے رمضان پیکج کا اعلان کیا گیا ہے کہ وہاں غریب عوام کو بجلی کا بھی ایک زبردست جھٹکا دیا گیا ہے ۔ رمضان پیکچ کے ساتھ ساتھ ایک ماہ کے لئے بجلی کی قیمت میں بھی سات روپے یونٹ تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے رمضان سے قبل عوام کے لیے ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے گھی، کوکنگ آئل، چائے، صابن اورکپڑے دھونے والے پاوڈر کی قیمتوں میں کمی کردی۔یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے رمضان سے قبل مختلف برانڈز کی اشیا کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا-جاری نوٹی فکیشن کے مطابق کمی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا جس کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز پر کوکنگ آئل کی قیمتوں میں فی لیٹر 100روپے اورگھی کی فی کلو قیمت میں54 روپے تک کی کمی کی گئی ہے-اسی طرح آٹھ سو ملی گرام برانڈڈ چائے کی پتی 110روپے تک سستی کی گئی ہے، ٹوائلٹ سوپ109 روپے تک سستا کیا گیا ہے جب کہ کپڑے دھونے والے پاوڈر کی قیمت میں 43 روپے اوربرتن دھونے والے صابن کی قیمت میں49 روپے تک کمی کی گئی ہے-یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے حکام کا کہنا ہے کہ رمضان ریلیف پیکچ 2024 کا آغاز 4 مارچ سے ہوگا اور چاند رات تک جاری رہے گا-
وفاقی حکومت نے رواں سال یوٹیلیٹی اسٹورز پر7 ارب 49 کروڑ روپے سے زائد کا رمضان ریلیف پیکج دینے کا فیصلہ کیا ہے جو گذشتہ سال رمضان پیکچ کے لیے منظور کردہ 5 ارب روپے سے اڑھائی ارب روپے زیادہ بنتا ہے-حکام یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کیمطابق رمضان ریلیف پیکج کے تحت آٹا، چینی، گھی، کوکنگ آئل، چاول، دالوں، کھجور، بیسن، دودھ، مشروبات اور مصالحہ جات پر سسبڈی دی جائے گی-
پیکج کے اعلان کے موقع پر ترجمان یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کا کہنا تھا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے مستحقین کو رمضان پیکج کے تحت ٹارگٹڈ سبسڈی ملے گی اور ٹارگٹڈ سبسڈی کے علاوہ عام صارفین کے لیے بھی خصوصی رعایتی قیمتیں مقرر کی جائیں گی۔
قبل ازیں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے یوٹیلیٹی اسٹورز کے لیے 7 ارب 49 کروڑ روپے سے زائد کا رمضان ریلیف پیکج منظور کیا تھا۔
رمضان پیکج کے ساتھ ہی نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ایک ماہ کے لیے بجلی7 روپے 5 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی ہے۔ نیپرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی جنوری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی ہے۔ اضافہ مارچ کے بلوں میں وصول کیا جائے گا۔بجلی مہنگی ہونے کے بعد صارفین پر جی ایس ٹی سمیت 66 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔




