آصف علی زرداری دوسری بار صدر پاکستان منتخب


آصف زرداری نے 411 جبکہ ان کے ر مدمقابل محمود خان اچکزئی نے 181 ووٹ حاصل کیے
وزیراعظم نے گھر جاکر صدر زرداری کو مبارکباد دی، آصف زرداری آج (اتوارکو)شام چار بجے عہدے کا حلف اٹھائیں گے

اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زردای دوسری بار صدر پاکستان منتخب ہوگئے ہیں وہ آج (اتوارکو)شام چار بجے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ان سے عہدے کا حلف لیں گے۔ وزیراعظم میاں شہبازشریف نے گھر جاکر آصف زرداری کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ آصف علی زرداری دوسری بار صدر بننے والی پہلی سول شخصیت بن گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخاب کا حتمی نتیجہ جاری کردیاہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق آصف زرداری 411 ووٹ حاصل کرکے صدر منتخب ہوگئے اور مدمقابل امیدوار محمود خان اچکزئی نے 181 ووٹ حاصل کیے۔
الیکشن کمیشن نے بتایاکہ اس وقت الیکٹورل کالج میں 1185 نشستیں ہیں جن میں سے 92 نشستیں خالی ہیں یوں صدارتی انتخاب میں 1093 ووٹرز نے حصہ لینا تھا۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صدارتی انتخاب میں 1044 ممبران نے اپنا ووٹ ڈالا جن میں سے 1035 ووٹ درست قرار پائے۔
آصف زرداری دوسری بار صدر بننے والی پہلی سول شخصیت بن گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سرکاری نتیجہ فارم 7 پرتیار کرکے وفاقی حکومت کو کل ارسال کردیاجائیگا اور حکومت کو کل باضابطہ نوٹیفکیشن کیلیے سرکاری نتائج ارسال کردیے جائیں گے۔
ملک کے ایوان زیریں (قومی اسمبلی)، ایوان بالا (سینیٹ) اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں صدارتی انتخاب کیلئے ووٹنگ ہوئی اور ارکان نے صبح سے شام 4 بجے تک اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔پارلیمنٹ میں ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹرز نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا اور ہر رکن کا ایک ووٹ شمار ہوا
حکمران اتحاد کے امیدوار آصف علی زرداری بھاری اکثریت سے صدر منتخب ہوگئے، انہوں نے پارلیمنٹ سے 255 ووٹ لیے جبکہ سنی اتحادکونسل کے محمود خان اچکزئی 119 ووٹ حاصل کرسکے۔پارلیمنٹ میں ڈالے گئے ووٹوں میں سے ایک ووٹ مسترد ہوا۔
یوں مجموعی طور پر قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں سے آصف زرداری 410.777 الیکٹورل ووٹ لیکر صدر پاکستان منتخب ہوئے جبکہ محمود خان اچکزئی نے 180.34 الیکٹورل ووٹ حاصل کرسکے۔آصف علی زرداری دوسری بار صدر منتخب ہوئے اور وہ پاکستان کے 14 ویں صدر ہوں گے۔ آصف زرداری 2008 سے 2013 تک صدارتی منصب پر فائز رہ چکے ہیں۔
بلوچستان اسمبلی کے 62 میں سے47 ارکان نے صدارتی انتخاب کیلئے ووٹ کاسٹ کیے جبکہ جمعیت علمائے اسلام کے 12 ارکان، بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی)، جماعت اسلامی، حق دوتحریک کے ایک ایک رکن نے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کیا۔پریذائیڈنگ افسر جسٹس نعیم اختر افغان نے نتائج کا اعلان کیا اور کہا کہ بلوچستان اسمبلی سے آصف زرداری نے47 ووٹ حاصل کیے جبکہ محمودخان اچکزئی نے کوئی ووٹ حاصل نہیں کیا۔واضح رہے کہ بلوچستان اسمبلی کے ہر رکن کا ایک ووٹ شمار کیا گیا۔
پنجاب اسمبلی میںصدارتی انتخاب کیلئے پنجاب اسمبلی میں 352 ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں سے 6 مسترد ہوئے۔پنجاب اسمبلی میں آصف زرداری کو 246 ووٹ اور محمود خان اچکزئی کو 100 ووٹ ملے۔پنجاب اسمبلی میں آصف زرداری کو43.157 الیکٹورل ووٹ جبکہ مدمقابل اپوزیشن امیدوار محمود خان اچکزئی کو 17.54 الیکٹورل ووٹ ملے۔بلوچستان کے 65 ارکان کو پنجاب کے 371 کے ایوان پر تقسیم کیا جائے تو پنجاب اسمبلی کے5.7 ارکان کا ایک صدارتی ووٹ تصور ہوگا۔
سندھ اسمبلی میں 160 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیا جس میں سے سابق صدر آصف زرداری کو 151 ووٹ ملے جبکہ مدمقابل محمود خان اچکزئی 9 ووٹ حاصل کرسکے۔سندھ اسمبلی میں آصف زرداری کو 58 الیکٹورل ووٹ اور مدمقابل محمود خان اچکزئی کو 3 الیکٹورل ووٹ ملے۔168 کے سندھ اسمبلی کے ایوان میں 2.6 ارکان کا ایک ووٹ تصور ہو گا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں جے یو آئی ف کے 9 اراکین اسمبلی نے صدارتی انتخاب میں حصہ نہیں لیا۔ کے پی اسمبلی کے 118 میں سے 109 ارکان اسمبلی نے ووٹ کاسٹ کیے، ایک ووٹ مسترد ہوا۔اپوزیشن کیامیدوار محمود خان اچکزئی کو 91 ووٹ ملے جبکہ مدمقابل امیدوار آصف زرداری کو17 ووٹ ملے۔خیبرپختونخوا اسمبلی میں محموداچکزئی کو 40 اعشاریہ 80 الیکٹورل ووٹ ملے جبکہ آصف علی زرداری کو 7 اعشاریہ 62 الیکٹورل ووٹ ملے۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کے 145 کے ایوان میں 2.2 ارکان کا ایک ووٹ تصور ہوگا۔
شہباز شریف زرداری ہاس اسلام آباد پہنچے اور آصف زرداری سے ملاقات کی۔ وزیرِ اعظم نے آصف زرداری کو دوسری مرتبہ صدرمنتخب ہونے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ترجمان ایوان صدر کے مطابق حلف برداری کی تقریب اتوارکو شام 4 بجے ایوان صدر میں ہوگی جہاں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسی نومنتخب صدر سے حلف لیں گے۔ترجمان نے بتایا کہ ایوان صدر نے تقریب حلف برداری کیلیے مہمانوں کو دعوت نامے جاری کردیے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔