سیریز کے لیے محمد یوسف بیٹنگ اور سعید اجمل اسپن بولنگ کوچ مقرر کیے گئے ہیں

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سابق ٹیسٹ کرکٹر اظہرمحمود کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے جب کہ وہاب ریاض سینئر ٹیم منیجر اور منصور رانا ٹیم منیجر ہوں گے۔یاد رہے کہ اظہر محمود اس سے قبل بھی پاکستان ٹیم کے بولنگ کوچ رہ چکے ہیں، اس وقت اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ بطور بولنگ کوچ وابستہ ہیں۔
اس کے علاوہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے محمد یوسف بیٹنگ کوچ اور سعید اجمل اسپن بولنگ کوچ مقرر کیے گئے ہیں۔
اظہر محمود نے 164 انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 162وکٹیں حاصل کیں اور 2,421 رنز بنائے۔ اظہر محمود اس سے قبل پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کے ساتھ 2016 سے2019 کے دوران بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھاچکے ہیں۔
پاکستانی ٹیم کا سپورٹ اسٹاف ان افراد پر مشتمل ہے۔
وہاب ریاض (سینئر ٹیم منیجر) منصور رانا (ٹیم منیجر) اظہر محمود (ہیڈ کوچ) محمدیوسف (بیٹنگ کوچ) سعید اجمل (اسپن بولنگ کوچ) آفتاب خان (فیلڈنگ کوچ)، کلف ڈیکن(فزیو تھراپسٹ) ڈریکس سیئمن (اسٹرنتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ)، طلحہ بٹ ( انالسٹ )ارتضی کمیل (سیکیورٹی منیجر)، رضا کچلو (میڈیا اور ڈیجیٹل منیجر)،زین مقصود (وڈیوگرافر) ڈاکٹر خرم سرور (ڈاکٹر) اور محمد عمران (میسیور )۔
اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ اظہر محمود اسسٹنٹ کوچ کے لیے مضبوط امیدوار ہیں، باقاعدہ اعلان رسمی کارروائی مکمل کرنے کے بعد 20 اپریل کے بعد ہی کیا جائے گا۔ سابق آل رانڈر وائٹ بال کرکٹ میں گیری کرسٹن اور ریڈ بال میں جیسن گلیسپی کی معاونت کریں گے۔




