جی بی کونسل کی ایگزیکٹو ڈویلپمنٹ کمیٹی نے جی بی سیکرٹریٹ آفس بلڈنگ کے پی سی ون کی منظوری دے دی

اسلام آباد: گلگت بلتستان کونسل کی ایگزیکٹو ڈویلپمنٹ کمیٹی نے منگل کو گلگت بلتستان سیکرٹریٹ آفس بلڈنگ، اسلام آباد کے پی سی ون کی منظوری دے دی۔ فیصلہ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت ایگزیکٹو ڈویلپمنٹ کمیٹی گلگت بلتستان کونسل کے اعلی سطحی اجلاس میں کیا گیا۔منصوبے کی مجموعی لاگت کا تخمینہ 1.827 ارب روپے لگایا گیا ہے۔
اجلاس میں وفاقی سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان وسیم اجمل چوہدری، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا، اکائونٹنٹ جنرل گلگت بلتستان، جوائنٹ سیکرٹری گلگت بلتستان کونسل سدھیر خان خٹک اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے ہدایت جاری کی ہے کہ منصوبے پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ خالصتا گلگت بلتستان حکومت کا اثاثہ ہو گا۔قبل ازیں پراجیکٹ کے کنسلٹنٹ اور سینئر حکام نے اجلاس کو پراجیکٹ کے PC-1 کے حوالے سے بریفنگ دی۔