چین کے وزیر نے تمام پاکستانیوں کو دورہ چین کی دعوت د ے دی
سی پیک دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا نیاوژن ہے، منصوبے کے دوسرے مرحلے سے پاک چین دوستی مزید مضبوط ہوگی

اسلام آباد( رپورٹ : محمد رضوان ملک )سی پیک پر ہونے والے پاک چین مشترکہ اجلاس میں پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر نظر آئیں۔پاک چین مشاورتی مکینزم اجلاس میں جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، پیپلز پارٹی کے یوسف رضاگیلانی، حنا ربانی کھر، ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی اورپی ٹی آئی کے رہنما رئوف حسن اور بیرسٹر علی ظفر سمیت دیگر نے شرکت کی۔
چینی وزیر لیوجیان چا نے کہا کہ ترقی کے لیے اندرونی استحکام ضروری ہے، سرمایہ کاری کیلیے سکیورٹی صورتحال کوبہتربنانا ہوگا،پاکستانیوں کی سی پیک کی حمایت کو سراہتے ہیں، پاکستان اور چین ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہیں، ترقی دونوں ملکوں کے لیے فائدہ مند ہوگی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ سی پیک دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا نیاوژن ہے، منصوبے کے دوسرے مرحلے سے پاک چین دوستی مزید مضبوط ہوگی۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ سی پیک پاکستان کی تعمیر و ترقی کا منصوبہ ہے، پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے اونچی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اس اہم گیم چینجر منصوبے کی مکمل حمایت کرتی ہیں، دونوں پارلیمان تمام فورمز پر ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
اجلاس سے خطاب میں وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کا ایک میز پر بیٹھنا دونوں ممالک کی سیاسی قیادت کے ایک پیج پر ہونے کی دلیل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے سی پیک کی بہتری کے لیے مل کر کام کرناہوگا۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی حمایت پر چین کے مشکور ہیں، دونوں ممالک کے عوام کے لیے دوستی کو فائدہ مند بنانا چاہتے ہیں، سی پیک پر پاکستان میں قومی اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔
اجلاس سے خطاب میں پی ٹی آئی رہنما سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ سی پیک پاک چین دوستی کے وژن کا اظہار ہے، سی پیک منصوبوں میں تیزی لانے کی ضرورت ہے، دہشت گردی کے خاتمے سے سی پیک کا خواب پایہ تکمیل تک پہنچ سکتا ہے، چین سے دوستی ہماری خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔
اجلاس سے خطاب میں حنا ربانی کھر بولیں سی پیک کے لیے تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں، مشترکہ اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں کی شمولیت خوش آئند ہے۔
پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک ) پر ہونے والے پاک چین مشترکہ اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن کی تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر آگئیں اور انہوں نے منصوبے میں تعاون پر اتفاق کیا ہے۔
اجلاس میں چین کے وزیر نے تمام پاکستانیوں کو دعوت دی ہے کہ وہ چین آئیں۔
سی پیک اور پاکستان ، تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر




