انسداد دہشتگردی، کراس بارڈر تعاون، انسداد سمگلنگ و منشیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
گلگت بلتستان پولیس افسران کی سنکیانگ پولیس اکیڈمی میں ٹریننگ کرانے پر اتفاق ،چینی وزیر کی وفاقی وزیر داخلہ کو دورہ سنکیانگ کی دعوت
منشیات، اسلحہ، سازوسامان اور ہر قسم کی سمگلنگ روکنا چاہتے ہیں ۔ محسن نقوی ، پاکستان انسداد دہشتگردی کے ضمن میں سنکیانگ کے تجربہ سے فائدہ اٹھا سکتا ہے، چینی وزیر چن مینگوو
سی پیک منصوبہ بھی چین کے صوبہ سنکیانگ سے ہی گزرتا ہے، سنکیانگ کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چین کے وزیر سیاسی و قانونی امور چن مینگوو کی قیادت میں اعلی سطح کے وفد نے ملاقات کی۔ وزارتِ داخلہ آمد پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے چین کے وزیر اور وفد کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات میں انسداد دہشتگردی، کراس بارڈر تعاون، انسداد سمگلنگ و منشیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر انسداد دہشتگردی کے ضمن میں گلگت بلتستان یا سنکیانگ میں پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کی مشترکہ مشقیں کرانے کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں گلگت بلتستان پولیس افسران کی سنکیانگ پولیس اکیڈمی میں ٹریننگ کرانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ ایک عالمی مسئلہ ہونے کے ناطے دہشتگردی کی سدباب کیلئے جامع اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں باہمی تعاون کو آگے بڑھانے کیلئے جلد پاکستانی وفد صوبہ سنکیانگ کا دورہ کرے گا۔ چین کے وزیر چن مینگوو نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو سنکیانگ کے دورے کی دعوت دی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات میں صوبہ سنکیانگ پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان کا پڑوسی ہونے کے ساتھ ساتھ سنکیانگ کے ساتھ ہماری چھ سو کلومیٹر کی طویل سرحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ بھی چین کے صوبہ سنکیانگ سے ہی گزرتا ہے، سنکیانگ کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ منشیات، اسلحہ، سازوسامان اور ہر قسم کی سمگلنگ کا مکمل سدباب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی وفد کے دورے سے باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے کی نئی راہیں سامنے آئیں گی۔
چینی وزیر چن مینگوو نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو تمام شعبوں میں آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا دہشتگردی مشترکہ مسئلہ ہے، سنکیانگ بھی کئی سالوں تک دہشتگردی کا شکار رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان انسداد دہشتگردی کے ضمن میں سنکیانگ کے تجربہ سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ ملاقات میں پاکستان چین خصوصا صوبہ سنکیانگ کے ساتھ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں سنکیانگ کے ڈپٹی سیکرٹری کمیٹی پارلیمانی و قانونی امور، ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل پولیس، وائس پریزیڈنٹ سنکیانگ پولیس اکیڈمی شامل تھے۔ سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا، سپیشل سیکرٹری داخلہ وقاص علی محمود اور ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ نذر محمد بزدار بھی اس موقع پر موجود تھے۔
چین کے وزیر سیاسی و قانونی امور کی وزیر داخلہ سے ملاقات


