محکمہ جاتی کھیلوں کی بحالی ہر ادارے کی قومی ذمہ داری ہے


ہر محکمہ اپنی سپورٹس پالیسی بنائے تاکہ کھلاڑیوں کو باقاعدہ ملازمتیں مل سکیں
ہم سب کو ملکر کھیل دوست ماحول بنانا ہے تاکہ نہ صرف نوجوان بلکہ ہر فرد کھیلوں کی طرف راغب ہو، رانا ثنااللہ


اسلام آباد: محکمہ جاتی کھیلوں کا فروغ وزیر اعظم کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنااللہ نے وزارت بین الصوبائی رابطہ میں ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس کی بحالی پر ہونے والے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ، ندیم ارشاد کیانی سمیت مختلف وفاقی و صوبائی محکموں بشمول واپڈا، وزارت ریلوے، محکمہ پولیس، نیب ، ایف آئی اے، ہائر ایجوکیشن کمیشن، پاکستان آرمی، رینجرز، پاکستان نیوی، اور دیگر محکموں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی مشیر رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ محکمہ جاتی کھیلوں کی بحالی ہر ادارے کی قومی ذمہ داری ہے۔ ہم سب کو ملکر ایسا کھیل دوست ماحول بنانا ہے جس سے نہ صرف نوجوان بلکہ ہر فرد کھیلوں کی طرف راغب ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن قوموں کے کھیل کے میدان آباد ہوتے ہیں ان کے حوصلے بھی آباد ہوتے ہیں۔ نوجوانوں کے لئے سپورٹس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ کھیلوں جیسی صحت مند سرگرمیوں سے نوجوانوں کو مصروف اور مثبت رکھا جا سکتا ہے۔ بدقسمتی سے سوشل میڈیا کے منفی استعمال سے نوجوان بے راہ وری کا شکار ہیں۔ منظم گینگ سکول اور یونیورسٹیز کے نوجوانوں کو نشہ پر لگا رہے ہیں۔ کھیلوں کی ترقی و ترویج ہی سے ہماری نسلوں کا مستقبل وابستہ ہے۔ محکمہ جاتی کھیلوں کی بحالی پر رانا ثنااللہ نے محکموں کو ہدایت کی کہ ہر محکمہ اپنی سپورٹس پالیسی بنائے تاکہ کھلاڑیوں کو باقاعدہ ملازمتیں مل سکے۔ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ محکموں میں بھرتیوں کے لئے سپورٹس کوٹہ مختص کرنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں ۔ محکمہ جاتی کھیلوں کا فروغ وزیر اعظم کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل سپورٹس سے جڑی ہے۔ اور حکومت وزیر اعظم کی سربراہی میں پر عزم ہے کہ ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔