چیمپیئن شپ میں میزبان پاکستان سمیت سات ممالک کے کھلاڑی شرکت کریں گے

اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)سیف کراس کنٹری چیمپیئن شپ 2024: چوبیس نومبر کو جناح پارک اسلام آباد میں ہوگی۔اس چیمپیئن شپ میں میزبان پاکستان سمیت سات ممالک کے کھلاڑی شرکت کرینگے۔اس حوالے سے پیر کو پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن اور نجی ہاوسنگ سوسائٹی ریڈن گارڈن کے درمیان سپانسر کے حوالے سے ایک تقریب میں ایم او یو پر دستخط ہوئے ۔ سابق جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل ( ر) احسان الحق تقریب کے مہمان خصوصی تھے،تقریب میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، چیئرمین ساوتھ ایشیئن اتھلیٹکس فیڈریشن کے چیئر مین جنرل( ر) محمد اکرم ساہی، زمرد خان، شعیب سڈل، قمر زمان، نوح دستگیر بٹ،شجر عباس اور ساجد سدپارہ سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔مہمان خصوصی جنرل ( ر) احسان الحق باجوہ نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کا مستقبل روشن ہے، کھلاڑیوں میں جیتنے کا جذبہ موجود ہے،میرٹ پر سیلکشن سے کامیابی کے نتائج ملیں گے،اتھلیٹکس فیڈریشن نے ارشد ندیم کے ذریعے قوم کو حقیقی خوشی فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا سپانسر کے بغیر کوئی بھی کھیل ترقی نہیں کر سکتا، میڈیا کا بھی کھیلوں کی ترقی میں اہم کردار ہے،مستقبل میں پاکستان کھیلوں میں مزید کامیابیاں حاصل کرے گا، ایک گولڈ میڈل سے ہم 62 ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ انڈیا 71 ویں نمبر پر ہے۔قبل ازیںچیف آرگنائزربریگیڈیئر ( ر) سلطان محمود ستی نے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ اتھلیٹکس میں کارکردگی کا کریڈٹ اکرم ساہی کو جاتا ہے، پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کو اس ایونٹ کی میزبانی ملی ہے،24 نومبر کو ایف نائن پارک میں یہ ایونٹ منعقد ہو گا،سینیئر کیٹگری میں 10 کلو میٹر اور جونیئر کیٹیگری میں 08 کلومیٹر کی ریس ہو گی۔تقریب کے اختتام پر پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن اور نجی ہاوسنگ سوسائٹی ریڈن گارڈننے ایم او یوپر دستخط کیئے۔اس موقع پر پاکستان کے تیز ترین اتھلیٹ شجر عباس کو ایک لاکھ جبکہ ان کے کوچ کو 50 ہزار روپے کا چیک بھی دیا گیا۔



