متاثرین G14/1 کی بلڈ اپ پراپرٹی (بی یو پی) نمبر کی موقع پر درستگی کی جائےگی،ہائوسنگ اتھارٹی

اگر ایک حویلی میں‌ایک سے زائد بھائی رہائش پذیر ہیں‌تو ہر بھائی کا اپنا بی یو پی نمبر ہوگا.
G14/1 کا کمیٹی کی مشاورت سے ایک ہی بار ایوارڈ کیا جائے گا، ہائوسنگ اتھارٹی ذمہ داران کی کمیٹی کو یقین دہانی

بلڈ اپ پراپرٹی کا معاوضی کس صورت 2005 والا منظور نہیں‌موجودہ ریٹس کے مطابق معاوضہ دیا جائے، متاثرین کا دو ٹوک موقف

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی کے ذمہ داران نے قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے ہائوسنگ و تعمیرات کی سب کمیٹی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ متاثرین G14/1 کی بلڈ اپ پراپرٹی (بی یو پی) نمبر کی موقع پر درستگی کی جائے اور اگر ایک حویلی میں ایک سے زائدبھائی رہائش پذیر ہے تو ہر بھائی کو الگ سے بی یو پی نمبر دیا جائےگا ۔G14/1 کا ایوارڈ ایک ہی بار کمیٹی کی مشاورت سے کیا جائے گا۔کمیٹی نے سیکٹر f14/15 کے حوالے سے ہدایت کی کہ اگلے اجلاس میں اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ کمیٹی میں پیش کی جائے۔کمیٹی ارکان نے اس پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا کہ افسران کی سستی کے باعث بیشتر منصوبے بروقت مکمل نہیں ہو پاتے جس کی وجہ سے لاگت بڑھ جاتی ہے اور حکومت سمیت الاٹیوں کو نقصان ہوتا ہے۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ اگلے اجلاس میں کمیٹی کو تفصیلا آگاہ کیا جائے کہ کون کون سے منصوبے کس وجہ سے التواء کا شکار ہیں تاکہ اس کا حل نکالا جاسکے۔
سب کمیٹی کا اجلاس پیر کو کمیٹی کے کنوینر اور اسلام آباد سے رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان کی صدارت میں منعقد ہوا۔جس میں کمیٹی کے ممبران ایم این اے ملک ابرار احمد، ایم این اے محبوب شاہ اور ہائوسنگ اتھارٹی کے افسران نے شرکت کی۔ کمیٹی نے سفارش کی کہ سیکٹر G-14 کے متاثرین جن کے واجبات رہتے ہیں ان کو ترجیح بنیادوں پران کی زمینوں کا معاوضہ دیا جائے ۔ علاقے کے آبائی اور حقیقی متاثرین کو ان کا حق ترجیحی بنیادوں پردلوائیں گے ۔کمیٹی حقیقی متاثرین کے ساتھ ہے اور ادارے کو کسی صورت یہ اجازت نہیں دی جائے گی کہ کسی حقیقی متاثرہ فرد کا حق متاثر ہو۔کمیٹی نے سفارش کی کہ F-14, F-15 کے متاثرین جن کے واچرز (ادائیگیاں )التواء کاشکار ہیں اور جو زمین کا معاوضہ لینا چاہتے ہیں ان کو ادا کیا جائے ہائوسنگ اتھارٹی کے تحت جو سکیمیں التوا کا شکار ہیں ان کو حل کیا جائے اور ان کی ڈیڈ لائن مقرر کی جائے تاکہ مسئلے کا حل نکل سکے۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ ایفرو فلیٹس کی تکمیل او ر دیگر منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ ملک ابرار احمد نے کہا کہ جو منصوبے تکمیل کے قریب ہیں انہیں پہلے مکمل کیا جائے۔ نیز کمیٹی کو بتایا جائے کہ کون سے منصوبے مکمل ہو چکے اور کو ن سے تکمیل کے قریب ہیں۔ملک ابرار نے کہا کہ اگر آپ لوگوں کا روئیہ ایسا ہی رہا تو ہر بار یہ اجلاس آمدن ، گفتن او ربرخاستن ہی ہوگا جس سے آپ کا اور ہمارا قیمتی وقت ضائع ہو گا۔
اس موقع پر متاثرین کی نمائندگی کرتے ہوئے ناہید اختر ،رفاقت شاہ بخاری نے کہا کہ بلڈ اپ پراپرٹی کا معاوضہ بڑھایا جائے ہم کسی صورت 2005 ء والا معاوضہ قبول نہیں کریں گے کیونکہ تعمیراتی میٹیریل بہت مہنگا ہو چکا ہے۔ اس موقع پر
F-14, F-15 سے ملک ساجد محمود، ملک نصیر اور دیگر بھی موجود تھے۔