افغانستان میں‌تباہ کن زلزلہ 800 سے زائد افراد ہلاک

زلزلے سے سینکٹروں افراد زخمی بھی ہوئے، بڑی تعداد اب بھی ملبے تلے دبی ہے
زلزلے کے جھٹکے پاکستان میں بھی محسوس کئے گئے تاہم کیس جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی

کابل: مشرقی افغانستان میں تباہ کن زلزلے سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 800 سے زئاد ہوگئی ہے۔ ترجمان افغان حکومت کے مطابق افغانستان میں گزشتہ رات آنے والے زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر اب 800 تک پہنچ گئی ہے جب کہ 2800 سے زائد افراد زخمی ہیں۔
گزشتہ شب افغانستان کے مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجکر 47 منٹ پر 6.0 شدت کا زلزلہ آیا تھا اور تقریباً 20 منٹ بعد ہی اسی صوبے میں 4.5 شدت کا ایک اور جھٹکا محسوس کیا گیا جس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔
اس حوالے سے امریکی جیولوجیکل سروے کا کہنا ہے کہ افغانستان میں گزشتہ رات آئے زلزلے کی شدت 6 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز ننگرہار صوبےکےشہر جلال آباد سے27 کلومیٹر مشرق میں تھا جب کہ زلزلے کی گہرائی 8 کلومیٹر تھی۔زلزلے کی گہرائی کم ہونے کے باعث بہت زیادہ تباہی ہوئی ہے.
افغان حکام کے مطابق زلزلے سے سب سے زیادہ نقصان صوبہ کنڑ میں ہوا جہاں سیکڑوں ہلاکتیں ہوئی ہیں اور ہزاروں لوگ زخمی ہیں جب کہ متعدد لوگ اب بھی ملبے تلے دبے ہیں جنہیں نکالنے کا عمل جاری ہے۔
یاد رہےکہ گزشتہ رات پاکستان کے مختلف شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے تاہم کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق 12 بج کر 38 منٹ پر ہنگو، مالاکنڈ، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد ، اسلام آباد، راولپنڈی، چترال اور پشاور میں 4.6 شدت کے آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے۔زلزلے کی گہرائی 15 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی جب کہ زلزلے کا مرکز جنوب مشرقی افغانستان میں تھا.
پاکستای سے ہماری نمائدنہ سعدیہ کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور اور پشاور سمیت کئی شہروں میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
ایبٹ آباد اور مظفر آباد اور ان کے گردو نواح میں بھی زلزلے نے درودیوار ہلا دیے۔ اس زلزلے کے جھٹکے پاکستان کے علاوہ بھارت، افغانستان اور تاجکستان میں بھی محسوس کیے گئے ۔