پاکستان میں سموگ کی وجہ انڈیاہے،بیگم ذکیہ شاہنواز

لاہور…نورالعارفین

وزیر ماحولیات بیگم ذکیہ شاہنواز نے انڈیا میں دھان کی باقیات جلنے کو پاکستان میں سموگ کی وجہ قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر ماحولیات بیگم ذکیہ شاہنواز نے ڈی جی پی آر میں سموگ پر پریس کانفرنس کی۔ انہوں نے اس حوالے سے اب تک کیے گئے اقدامات سے میڈیا کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا میں دھان کی باقیات کو آگ لگائی گئی جو ہوا چلنے سے پاکستان میں سموگ کی وجہ بن گئی۔ سیکرٹری ماحولیات سیف انجم نے کہا ہے کہ سموگ کی صورتحال دیکھنے کے لئے سپارکو سے روزانہ تصاویر دیکھتے ہیں، دھان کی 32 ملین ٹن باقیات جلائی گئیں۔
پروفیسر ڈاکٹر احسن راٹھور نے کہاکہ ہر عمر کے افراد سموگ سے پرہیز کریں۔ چیف میٹرولوجسٹ محمد ریاض نے بتایا کہ موسم میں تبدیلی کا امکان نہیں، تاہم صورتحال پہلے سے بہتر ہے۔ سیکرٹری ماحولیات نے ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والوں کیخلاف کارروائی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایاکہ دفعہ 144 کے تحت فصلوں کی باقیات جلانے پر197 لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی ہیں۔ 175 یونٹ بند اور 65 افراد کو گرفتار کیا گیا۔  پنجاب میں 15 ہزار 718 دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے چالان کئے گئے ہیں۔