
پیرس…. سفارت خانہ پاکستان فرانس میں ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ مشہور پاکستانی شاعر و مصنف امجد اسلام امجد نے اس خصوصی تقریب کی صدارت کی جبکہ مشہور شاعر خالد مسعود نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے اس تقریب میں شرکت کی۔
یہ تقریب اس ماہ کی 6 تاریخ کو سفارت خانہ پاکستان کے احاطہ میں منعقد کی گئی تھی جس میں شعراء، مصنفین، پاکستانی کمیونٹی اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
معین الحق سفیر پاکستان نے شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک الگ ملک حاصل کرنے کا تصور دیا جس کے نتیجہ میں پاکستان معرض وجود میں آیا۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال جیسے عظیم شاعر اور فلاسفرکا یوم پیدائش مناتے ہوئے ہمیں ان کے فلسفانہ خیالات جو کہ انسانی زندگی، معاشرے میں انفرادی شخص کے کردار اور مشترکہ معاشرتی زندگی کے متعلق ہے کے بارے میں سنجیدہ اور گہرے مطالعہ کی ضرورت ہے۔
امجد اسلام امجد نے پاکستانی برادری سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال کے یوم پیدائش کی مناسبت سے یہ بہت اچھا موقع ہے کہ ان کے امن، خودی اور خودی کی تجدید کے پیغام کو دہرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں کو چاہیئے کہ اقبال کے پیغام کو سمجھ کر ایک ذمہ دار شہری کے طور پر قوم کی تعمیر میں حصہ لیں۔
اس سے پہلے ایاز محمود جنرل سیکرٹری، بزم اہل سخن نے فرانس میں مقیم پاکستانی برادری کے ساتھ امجد اسلام امجد اور خالد مسعود خان کا تعارف کروایا اور ان کا یوم اقبال کی تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔
فرانس میں مقیم پاکستانی شعراء نے بھی اس موقع کی مناسبت سے اپنی نظمیں پڑھیں۔




