
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ بڑھتے ہوئے معاشی بحران اور مفلوج حکومت کے باعث جمہوریت کی بقا اور استحکام کیلئے قبل از وقت انتخاب ہی مؤثر نسخہ ہیں۔
عمران خان نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ عالمی بینک کے مطابق گزشتہ ایک برس میں ملکی معیشت نمایاں ابتری کا شکار رہی ہے، عالمی بینک کا اندازہ ہے کہ پاکستان تقریباً سب ہی بڑے معاشی اہداف کے حصول میں ناکام رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ بدترین معاشی حکمت عملی کرنٹ اکاؤنٹ اور مالی خسارے میں اضافے کی موجب رہے گی، اقتصادی نمو کی شرح بھی منفی اثرات کے زد میں رہے گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عالمی بینک نے ن لیگ کی جانب سے آفت زدہ معیشت کی حقیقت کھول دی ہے، بڑھتے ہوئے معاشی بحران اور مفلوج حکومت کے باعث قبل ازوقت انتخابات نہایت ضروری ہیں۔




