کیپٹن صفدر راولپنڈی سے گرفتار،نیب کا گرفتاری میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کا اعلان

سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ نواز کے قائد میاں نوازشریف کے داماد اور سابق ممبر قومی اسمبلی کیپٹن ریٹائرڈ صفدر قومی احتساب بیورو کو گرفتاری دے دی ہے۔کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے راولپنڈی میں واقع سکستھ روڈ پر مسلم لیگ نواز کے مرکزی دفتر کے سامنے نیب کو گرفتاری دی۔انھوں نے مرکزی دفتر پہنچنے پر مسلم لیگ نواز کے کارکنان سے کہا کہ وہ نیب کو گرفتاری دے رہے ہیں اس لیے کوئی رکاوٹ نہ ڈالے۔اس سے قبل نیب نے کئی بار ان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی لیکن کارکنان نے ایسا نہیں ہونے دیا۔کیپٹن ریٹائرڈ صفدر راولپنڈی پہنچے تو مسلم لیگ نواز کے کارکنان کی بڑی تعداد ریلی میں شریک ہوئی۔ یہ ریلی راولپنڈی میں لیاقت باغ کے علاقے میں تھی  اس سے قبل اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جمعہ کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 10 سال، مریم نواز کو سات سال اور محمد صفدر کو ایک سال کی سزا سنائی تھی۔نیب حکام اور پنجاب پولیس نے محمد صفدر کو گرفتار کرنے کی کوشش کی لیکن ریلی میں نواز لیگ کے کارکنان نے مداخلت کی اور کئی بار نیب حکام کی کوشش کو ناکام بنایا۔تاہم متعدد کوششوں کے بعد نیب حکام اور پولیس نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو گھیرے میں لے کر حراست میں لے لیا۔ہفتے کو جب مریم نواز سے پوچھا گیا کہ قومی احتساب بیورو نے وارنٹس پر عمل کرنا شروع کر دیا ہے تو مریم نواز نے کہا ‘جی میری بات ہوئی ہے (کیپٹن صفدر سے) اور ان کے حوصلے بلند تھے۔ گرفتار کرنے آئیں گے تو گرفتاری دے دیں گے۔’قومی احتساب بیورو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نیب کی چار ٹیموں نے ایبٹ آباد، مانسہرہ اور ہری پور میں واقع کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے مکانات پر چھاپے مارے جس کے بعد انھوں نے نیب کو گرفتاری دینے کا فیصلہ کیا۔نیب کی طرف سے جاری بیان میں  کہا گیا ہے کہ نیب ان افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی کرے گی جنھوں نے محمد صفدر کو پناہ دی اور ان کی گرفتاری میں رکاوٹ ڈالی۔’نیب نے پیمرا سے درخواست کی ہے کہ تمام ٹی وی چینلز کی لائیو کوریج اور ریکارڈنگز نیب کو مہیا کرے تاکہ پناہ دینے اور رکاوٹیں ڈالنے والے افراد کی نشاندہی کی جا سکے۔‘دوسری جانب مریم نواز نے کہا ہے کہ وہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ہمراہ لندن سے لاہور جائیں گی۔نواز شریف اور مریم نواز دونوں لندن میں ہیں اور مریم نواز نے ہفتے کو اعلان کیا کہ دونوں ہی جمعہ کو پاکستان واپس آ رہے ہیں۔مریم نواز نے لندن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کو وہ لاہور پہنچیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کمر کا درد کا بہانہ کر کے ملک سے نہیں بھاگے۔