
محکمہ انسدادِ دہشت گردی نے ساہیوال معاملے کی رپورٹ آئی جی پنجاب جاوید سلیم کو دے دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ساہیوال سی ٹی ڈی ٹیم نے حساس ادارے کی جانب سے ملنے والی موثر اطلاع پر آپریشن کیا جس کے نتیجے میں کلعدم تنظیم داعش سے منسلک چار دہشت گرد ہلاک ہو ئے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔
تفصیلات کے مطابق ہفتے کی دوپہر بارہ بجے کے قریب ساہیوال لاول پلازہ کے نزدیک ٹیم نے موٹر سائیکل پر سوار دہشت گردوں کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی جس پر ٹیم نے اپنے تحفظ کے لیے جوابی فائرنگ کی جب فائرنگ کا سلسلہ رکا تو چار دہشت گرد جن میں دو خواتین تھیں اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک پائے گئے جبکہ انکے تین ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ساہیوال میں ہونے والا آپریشن سولہ جنوری کو فیصل آباد میں ہونے والے آپریشن کا تسلسل ہے اور سی ٹی ڈی کی ٹیم ریڈ بک میں شامل مطلوبہ دہشت گردوں شاہد جبار اور عبدالرحمن کو تلاش کر رہی تھی۔ آج صبح معتبر ذرائع سے اطلاع ملی کہ وہ اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد کے ساتھ ساہیوال کی جانب سفر کر رہے ہیں۔
دہشت گرد پولیس چیکنگ سے بچنے کے لیے اکثر اپنی فیملیز کے ساتھ سفر کرتے تھے۔
انہیں جب اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کرنے کے لیے کہا گیا تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ شاہد جبار، عبدالرحمن اور ایک نامعلوم دہشت گرد موٹر سائیکل پر سوار ہو کر موقع سے فرار ہو گئے۔ جبکہ ٹیم نے وہاں سے خود کش جیکٹ، ہینڈ گرینیڈ اور رائفلوں سمیت دیگر سامان ضبط کیا۔ پولیس فرار ہونے والے تین دہشت گردوں کو تلاش کر رہی ہے۔



