فوڈ اتھارٹی نے ساہیوال میں 3 فیکٹریاں، جعلی چیز ،سویٹس پروڈکشن ہاوس سیل کر دیے

ساہیوال:پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے جعل ساز مافیا کیخلاف ساہیوال میں 10 گھنٹے طویل آپریشن کیا۔ممنوعہ اجزاء،ملاوٹی مصالحہ جات کے استعمال اور صفائی کے ناقص انتظامات پر3فیکٹریاں اور2پروڈکشن یونٹس سیل کر دیے گئے۔بھاری مقدار میں مٹری دال،ملاوٹی مصالحہ جات اور مضر صحت خوراک تلف کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے خصوصی آپریشن کے دوران زنگ آلود بلاکس کے استعمال،گندے بدبو دار برتنوں میں چیز تیار کرنے پر سن رائز ڈیری فوڈز کوسیل کر دیا۔استعمال شدہ کھلے آئل،مٹری دال اور ملاوٹی مصالحہ جات سے سنیکس اوربچوں کی غیر معیاری اشیاء تیار کرنے پر نمرہ فوڈ انڈسڑی اور معظم فوڈ انڈسڑی کو سیل کیا گیا۔مٹھائی میں مرے مچھروں، مکھیوں کی موجودگی،کھلے رنگوں، سکرین اور مضر صحت گھی کے استعمال پر التاج سویٹس پروڈکشن یونٹ پر کارروائی کی گئی۔پنجاب فوڈاتھارٹی کی ٹیموں نے کارروائیوں کے دوران1300 کلودال مٹری،545 کلوایکسپائر سلانٹی، 100 کلو ملاوٹی مصالحہ جات، 120 کلو ناقص آٹا، 125کلو خراب بد بو دار زچیز اور دیگر اشیاء تلف کر دیں۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ مٹری دال کا انسانی اشیاء میں استعمال ممنوع ہے یہ صرف جانوروں کو ڈالی جا سکتی ہے۔خوراک کے کاروبار سے منسلک افراد اپنا قبلہ درست رکھیں اور ملاوٹ سے باز رہیں۔ معیاری اور خالص خوراک تیار کر کے اپنا دینی اور قومی فریضہ ادا کریں۔ پنجاب میں صرف قوانین پر مکمل عمل کر کے ہی خوراک کا کاروبار کیا جا سکتا ہے۔کیپٹن(ر)محمد عثمان نے عوام سے گزارش کی ہے کہ اپنے اردگرد کڑی نظر رکھیں اور صحت دشمن عناصر کی بروقت اطلا ع دیں۔ملاوٹ اور جعل سازی کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی فیس بک پیج یا ٹول فری نمبر80500۔0800پر دیں۔