وفاقی کابینہ نے گزشتہ روز وزارتِ داخلہ کی سفارش پر پابندی کی منظوری دی تھی


اسلام آباد:وفاقی وزارتِ داخلہ نے مذہبی جماعت تحریک لبیک کو باضابطہ طور پر کالعدم تنظیم قرار دے دیا ہے، اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔وزارتِ داخلہ کے جاری کردہ حکمنامے کے تحت مذہبی جماعت کی ملک بھر میں سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، وفاقی کابینہ نے گزشتہ روز وزارتِ داخلہ کی سفارش پر مذہبی جماعت پر پابندی کی منظوری دی تھی، جس کے بعد اس فیصلے کو باضابطہ نوٹیفکیشن کی صورت میں نافذ کردیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تنظیم کی سرگرمیاں امن و امان کے لیے خطرہ بن رہی تھیں اور عوامی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، احتجاجی مظاہروں میں تشدد اور توڑ پھوڑ کے باعث یہ قدم اٹھایا گیا۔وزارتِ داخلہ کے مطابق، مذہبی جماعت کو انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعہ 11-بی کے تحت کالعدم قرار دیا گیا ہے، جس کے بعد اس کے دفاتر، اکانٹس، اور تنظیمی ڈھانچے کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پابندی کے بعد مذکورہ مذہبی جماعت کو کسی بھی نام سے نئی تنظیم یا پلیٹ فارم پر سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات کریں۔
یاد رہے کہ ماضی میں بھی اس کے مظاہروں کے دوران پرتشدد واقعات رپورٹ ہوتے رہے ہیں۔ حال ہی میں تحریک لبیک کے احتجاج کے دوران کئی پولیس اہلکاروں سمیت سویلین افراد بھی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
تحریک لبیک کالعدم قرار،وزارت داخلہ کا نوٹیفکیشن جاری



