پاکستان نیوز ایجنسیزکونسل کے انتخابات،شکیل ترابی صدر،عمار یاسر سیکرٹری جنرل منتخب


صدیق ساجد سنیئر نائب صدر ، آفتاب چوہدری نائب صدر ، عنصر محمود بھٹی فنانس سیکرٹری بن گئے
حکومت خبر رساں اداروں کی بہبود کے لئے بھی اقدامات کرے۔کونسل کے اجلاس میں‌حکومت سے مطالبہ

اسلام آباد(سٹی رپورٹر)ملک کے خبر رساں اداروں کی نمائندہ تنظیم پاکستان نیوز ایجنسیزکونسل کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا ،جس میں کونسل کی تنظیم سازی عمل میں لائی گئی۔
آئندہ دو سال کیلئے عہدیداروں کا اتفاق رائے سے انتخاب کرتے ہوئے صباح نیوز کے چیف ایڈیٹر شکیل احمد ترابی کو کونسل کا صدر جبکہ کہ نیوز نیٹ ورک انٹرنیشنل کے چیف ایڈیٹر عمار یاسر کو سیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا، آن لائن نیوز ایجنسی کے ایڈیٹر صدیق ساجد سنیئر نائب صدر ، انڈیپینڈینٹ نیوز ایجنسی کے ایڈیٹر آفتاب چوہدری نائب صدر ، ڈپولومیٹک نیوز ایجنسی کے چیف ایڈیٹر عنصر محمود بھٹی فنانس سیکرٹری جب کہ پاکستان پریس انٹرنیشنل کے عدنان افتخار ڈپٹی سیکرٹری ہونگے ۔ اجلاس میں خبر رساں اداروں کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان مسائل کو اتفاق رائے سے حل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ا س عزم کا اظہار کیا گیا کہ حکومت بالخصوص وزارت اطلاعات و نشریات سے روابط کو مزید تیز کیا جائے گا اور خبر رساں اداروں کے مسائل کے حل کے لئے تنظیم کا نمائندہ وفد جلد وزیر اطلاعات و نشریات اور دیگر حکام سے ملاقات کرے گا، اجلاس میں کہا گیا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے، خبر رساں ادارے ذرائع ابلاغ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور عوام کو معلومات کی بروقت رسائی دیتے ہیں، ذرائع ابلاغ میں نیوز ایجنسیوں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ خبر رساں اداروں کا استحکام عام صحافیوں کیلئے بھی ناگزیر ہے کیونکہ سینکڑوں صحافی نیوز ایجنسیوں سے وابستہ ہیں اس لئے حکومت اخبارات اور ٹی وی چینلز کی طرح خبر رساں اداروں کی اہمیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے ان کی بہبودکے لئے بھی اقدامات کرے