افغانستان سے تاجکستان کی سرحد پر ڈرون حملہ، 3 چینی شہری ہلاک

دوشنبہ:افغانستان سے ڈرون حملہ تاجکستان میں کام کرنے والے تین چینی شہری حملے میں ہلاک ہو گئے ۔تاجک حکام کے مطابق 26 نومبر کی رات افغانستان سے تاجکستان کی سرحد پر ڈرون حملہ کیا گیا، حملے میں 3 چینی شہری ہلاک ہوئے۔تاجک میڈیا کے مطابق یہ واقعہ تاجکستان کے صوبہ ختلان کے ضلع شمس الدین شاہین اور افغانستان کے صوبہ بدخشاں کے ضلع شہرِ بزرگ کے درمیان سرحدی علاقے میں پیش آیا۔
تاجک وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان سے تاجکستان کے جنوب میں ایک چینی کمپنی پر ڈرون حملہ کیا گیا۔تاجک وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان سے ہونے والے حملے میں ہلاک ہونے والے افراد چینی کمپنی کے ملازمین تھے۔
تاجک وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ تاجکستان سرحدی علاقوں میں امن، استحکام اور سکیورٹی برقرار رکھنے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہا ہے، لیکن افغانستان کے اندر موجود مجرمانہ گروہوں کی تخریبی سرگرمیاں اب بھی جاری ہیں۔تاجکستان نے دہشت گرد حملے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے افغان حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان سرحد پر امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مثر اقدامات کریں۔دوسری طرف افغانستان نے اس حوالے سے تحقیقات کے لئے تاجکستان کو تعاون کی پیشکش کی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق افغان عسکریت پسند تاجکستان کی سرحد کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں سرگرم ہیں۔