ویل ڈن ٹیم پاکستان، کلینڈر ایئر میں سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی میچز جیتنے کا ریکارڈ بنا ڈالا

2025 میں اب تک 34 میں سے 21 میچز جیتے ،جیت کا تناسب 60 فیصد سے زائد رہا

اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان نے کلینڈر ایئر میں سب سے زیادہ ٹی20 انٹرنیشنل جیتنے کا ریکارڈ قائم کردیا، قومی ٹیم کی جیت کا تناسب 60 فیصد سے زائد رہا۔ قومی کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کے خلاف ٹرائی نیشنل سیریز کا فائنل جیت کر اس کلینڈر ایئر میں سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی میچز جیتنے کا نیا ریکارڈ بنا دیا ہے۔ 2025 میں پاکستان نے اب تک 34 میں سے 21 میچز جیتے ہیں۔
4 سال قبل 2021 میں بھی پاکستان کی قومی ٹیم نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 26 میچز میں سے 20 میچز جیتے تھے اور 6 میں اسے شکست ہوئی تھی۔ اس کے علاوہ 2018 میں گرین شرٹس نے 19 میں سے 17 مقابلے جیتے جبکہ 2022 میں قومی کرکٹ ٹیم نے 26 میچز کھیل کر 14 میں فتح حاصل کی تھی اور 12 میچز میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پاکستان کے ٹی ٹونٹی کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ہم نے پچھلے 2 ماہ میں بہترین کرکٹ کھیلی ہے، کوشش کریں گے اسی شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں۔
سلمان آغا کا مزید کہنا تھا کہ ورلڈکپ سے پہلے کامیابیوں سے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، کوشش ہے بینچ اسٹرینتھ بھی مضبوط کریں، ورلڈکپ کے لیے 15 بہترین کھلاڑی فائنل کرنے کے قریب ہیں