شکرپڑیاں میں فائرنگ، نوجوان جاں بحق، کانسٹیبل زخمی

اوپن ائیر تھیٹر انٹری پوائنٹ پر ٹارگٹ کلنگ، ملزم فرار ہوگیا، تلاش جاری
اسلام آباد(کرائم رپورٹر)اسلام آباد کے علاقے شکرپڑیاں میں اوپن ائیر تھیٹر کے انٹری پوائنٹ پر چیکنگ کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جہاں چادر اوڑھے ایک نامعلوم شخص نے پیچھے سے آ کر ذاتی دشمنی کی بنا پر ثناء اللہ ولد امیر نواب عمر تقریباً 30 سال سکنہ کرک کو ٹارگٹ کیا، فائر لگنے سے ثناء اللہ شدید زخمی ہوا جسے فوری طور پر پمز اسپتال ایمرجنسی منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا.
مقتول کی لاش پمز اسپتال میں موجود ہے جبکہ واقعے کے دوران انٹری پوائنٹ پر ڈیوٹی انجام دینے والا حسین شاہ کانسٹیبل بھی فائرنگ کی زد میں آیا جس کی دائیں ٹانگ کی پنڈلی کو گولی چھو کر گزر گئی، فائرنگ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا، پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے .