کیمپ او آئی سی۔کامسٹیک اور یونیورسٹی آف ماڈرن سائنسز کی جانب سے منعقدہوگا

اسلام آباد :اسلامی تعاون تنظیم کی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (او آئی سی۔کامسٹیک)، یونیورسٹی آف ماڈرن سائنسز، ٹنڈو محمد خان، گورمے فوڈز، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت، حکومتِ سندھ کے اشتراک سے سول اسپتال چاچڑو، تھرپارکر میں 30 اور 31جنوری 2026 کو دو روزہ مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا۔
ترجمان کامسٹیک کے مطابق اس فلاحی اقدام کا مقصد تھرپارکر کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں رہنے والی آبادی کو بنیادی طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ طبی کیمپ میں مریضوں کو مفت طبی معائنہ، بنیادی تشخیصی ٹیسٹ اور مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔
عمومی طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ آنکھوں کے امراض پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ماہر امراض چشم کی جانب سے بینائی کا معائنہ اور اسکریننگ کی جائے گی، جبکہ ضرورت مند مریضوں کو بینائی کے ٹیسٹ کے بعد مفت دور کی نظر کے چشمے فراہم کیے جائیں گے، جس سے علاقے میں عام بصری مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔
انڈس میڈیکل کالج کے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم، کامسٹیک کے حکام اور مقامی صحت کے اداروں کے تعاون سے خدمات انجام دے گی تاکہ مؤثر طبی سہولیات اور بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے۔ توقع ہے کہ اس طبی کیمپ سے بڑی تعداد میں مستحق مریض، خصوصاً خواتین، بچے اور بزرگ افراد مستفید ہوں گے۔
یہ مفت طبی کیمپ نہ صرف ضروری طبی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا بلکہ مقامی آبادی میں صحت سے متعلق آگاہی کو بھی فروغ دے گا، جس سے مجموعی طور پر کمیونٹی کی فلاح و بہبود میں نمایاں بہتری آئے گی۔
یہ اقدام او آئی سی۔کامسٹیک کی اپنے شراکت دار اداروں کے ساتھ مل کر فلاحی خدمات کے فروغ اور رکن ممالک کے پسماندہ و دور افتادہ علاقوں میں بنیادی صحت کی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے.


