نئے کرنسی نوٹ مارکیٹ میں آنے کے لئے تیار

2 سے 3 مختلف مالیت کے نوٹ بیک وقت چھاپے جائیں گے اور مرحلہ وار گردش میں لائے جائیں گے۔گورنر سٹیٹ بنک


کراچی (کامرس رپورٹر)سٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر جمیل احمد نے کہاہے کہ ملک میں نئے کرنسی نوٹوں کی تیاری کا عمل آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔ کابینہ سے منظوری ملتے ہی نوٹوں کی چھپائی شروع کردی جائے گی۔ صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ نئے کرنسی نوٹس کی تیاری کا عمل آخری مراحل میں ہے، نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹس حکومت کو منظوری کے لیے بھجوا دیے گئے تھے، جنہیں بعد ازاں وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کر دیا گیا ہے اور کابینہ کی منظوری ملتے ہی چھپائی شروع کر دی جائے گی۔
گورنر سٹیٹ بینک نے مزید کہا کہ نئے ڈیزائن کے بینک نوٹس کی چھپائی کا عمل کافی آگے بڑھ چکا ہے، وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد دو سے تین مختلف مالیت کے نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹس کی چھپائی کا عمل شروع کر دیا جائے گا، تاہم نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ فوری طور پر مارکیٹ میں نہیں آئیں گے بلکہ مرحلہ وار گردش میں لائے جائیں گے، نئے نوٹس اس وقت گردش میں لائے جائیں گے جب مرکزی بینک موجودہ کرنسی نوٹس کو مرحلہ وار تبدیل کرنے کے لیے مناسب سٹاک حاصل کرلے گا۔
اس سلسلے میں سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کا کہنا تھا کہ نئی کرنسی جدید اور مثر سکیورٹی فیچرز سے آراستہ ہوگی تاہم اب تک نوٹوں کے حتمی ڈیزائن موصول نہیں ہوئے، جیسے ہی منظوری ملے گی تو نئی کرنسی کی چھپائی میں کم از کم دو ماہ کا وقت درکار ہوگا، اس مقصد کے لیے جدید مشینری پہلے ہی دستیاب ہے، سٹیٹ بینک اور سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کے درمیان نئی کرنسی کی چھپائی سے متعلق مشاورت ہو چکی ہے۔
اس سلسلے میں ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سٹیٹ بینک کی جانب سے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن شارٹ لسٹ کر کے حکومت کو ارسال کردیئے گئے ہیں، نئے ڈیزائن والے کرنسی نوٹوں کی چھپائی کا باضابطہ آرڈر وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ہی دیا جائے گا، کابینہ کی منظوری کی صورت میں 2026 کے آخری مہینوں میں نئے ڈیزائن والی کرنسی کا اجرا ممکن ہوگا۔