14سال بعد پاکستان بنگلادیش میں فضائی سروس بحال

بنگلہ دیش کی قومی ائیرلائن کی پرواز کراچی ائیرپورٹ پر لینڈکرگئی،پرواز کو واٹر سیلوٹ
بنگالی نژاد گلوکار عالمگیر اور بنگلہ دیشی کمیونٹی کا خوشی کا اظہار،ڈھاکہ کراچی ہفتے میں دو پروازیں چلیں گی


کراچی(سٹی رپورٹر)بھارتی نواز حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے بعد بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان فاصلے کم ہورہے ہیں اور 14 برس بعد پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان براہ راست فضائی رابطہ بھی بحال ہوگیا ہے۔ یہ رابطہ اس وقت بحال ہوا جب بنگلادیش کی قومی ائیرلائن کی پرواز نے کراچی ائیرپورٹ پر لینڈ کیا۔
بنگلا دیش کی قومی ائیرلائن بیمان کی پہلی پرواز ڈھاکا سے مسافروں کو لے کر کراچی ائیرپورٹ پر پہنچی۔ پرواز کی آمد پر خصوصی انتظامات کیے گئے تھے اور پرواز کو واٹر سلیوٹ بھی پیش کیا گیا۔بیمان ائیرلائن کی آمد پر کراچی ائیرپورٹ پر خصوصی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا، تقریب میں گورنر سندھ، بنگلادیشی ہائی کمشنر اور ائیرپورٹ حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر جذبانی مناظر بھی دیکھنے میں آئے، پاکستان میں موجود بنگالی کمیونٹی اور خاص طورپر بنگالی نژاد پاکستانی گلوکار عالمگیر نے خوشی کا اظہار کیا کہ وہ کم خرچ میں اپنے پیاروں سے ملنے بنگلادیش جاسکیں گے۔
یاد رہے کہ ڈھاکا اور کراچی کے درمیان پرواز کا دورانیہ 3 گھنٹے ہے، براہ راست پروازیں بند ہونے کے باعث بنگلادیش جانے والے مسافروں کو براستہ دبئی مہنگا اور طویل سفر کرنا پڑتا تھا۔
اب بنگلہ دیش کی قومی ائرلائن ہفتے میں دو بار ڈھاکہ سے کراچی آئے گی۔