رانا ثناء اللہ سے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید کی ملاقات

پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ سے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید نے وزارت بین الصوبائی رابطہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک میں آبی وسائل کے بہتر انتظام، واپڈا کے جاری ترقیاتی منصوبوں اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس امر پر زور دیا کہ توانائی اور آبی وسائل سے متعلق منصوبوں کی بروقت اور شفاف تکمیل قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے اس موقع پر کہا کہ قومی مفاد کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے تمام صوبوں کے درمیان اتفاقِ رائے اور ہم آہنگی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد ان کے ثمرات فراہم کیے جا سکیں۔
ملاقات کے اختتام پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ وفاقی و صوبائی سطح پر مؤثر رابطہ اور ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ قومی ترقی کے اہداف بروقت اور مؤثر انداز میں حاصل کیے جا سکیں۔