سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی سونامی کے آگے بند باندھنا ہے،عامر صدیقی


راولپنڈی(نیوزرپورٹر) غربت، مہنگائی و بیروزگاری سے ہر شخص ہی نالاں و پریشان دکھائی دیتا ہے، آمدہ بجٹ میں عام آدمی کیلئے مہنگائی کے کنٹرول اور ریلیف کے اقدامات اشد ضروری ہیں ان خیالات کا اظہار سماجی رہنما صدر ترقی پسند فلاحی تنظیم محمد عامر صدیقی نے ایک بیان میں‌ کیا انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی سونامی کے آگے بند باندھنا ہی ہے، مہنگائی سونامی کے آفٹر شاکس شدت سے جاری ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی ہفتہ وار بڑھتیں قیمتیں مہنگائی کا بنیادی سبب ہیں، پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کی مد میں بھاری بھرکم ٹیکس کیا عوام پر بوجھ نہیں؟ پیٹرول کی بھاری بھرکم قیمتوں نے اشیائے خوردونوش سمیت ہر شے کی قیمتوں کو پر ہی لگا دیئے ہیں دودھ، آئل، چکن، بیف، مٹن، ادویات ہر شئے ہی عام آدمی کی دسترس سے دور ہو چکیں اور کوئی پوچھنے والا ہی نہیں، عامر صدیقی نے کہا کہ قرضوں میں جکڑی قوموں کو پرتعش زندگی زیب نہیں دیتی، قوم کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہو چکا، حکمران کفائت شعاری اور سادگی اپنائیں، قرضوں کے بوجھ تلے دبے عوام کو مہنگائی سونامی کے حوالے چھوڑنا ظلم ہے، آئی ایم ایف مطالبات پر مہنگی ترین بجلی و گیس کی قیمتوں میں تسلسل سے جاری اضافہ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے، عامر صدیقی نے کہا کہ معرکہ حق جیسے فلاحی منصوبوں کی علاقائی ترقی کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں، لیکن حکومت کو قومی ترقی کیلئے آبی ذخائر (ڈیمز) کی فوری تعمیر جیسے منصوبوں کیجانب بڑھنا ہو گا تاکہ سستی بجلی کا حصول ممکن، آبی ضروریات پوری ہوں اور زراعت فروغ پائے اور مسائل حل ہوں، حکومت مراعات یافتہ طبقہ سے مراعات واپس لے، لائن لاسز، بجلی چوری نہ روکنے والوں کی مراعات کا بوجھ عوام کیوں اٹھائیں؟
حکمرانوں کو انتخابی وعدے کیمطابق بجلی و گیس کی قیمتوں کے ریلیف اور سستے ذرائع کی سہولیات کیجانب بڑھنا ہو گا عامر صدیقی نے کہا کہ ملک کے قرض نادہندگان سے قرضوں کی وصولی اور بیرون ممالک پڑی دولت ملک میں واپس لائی جائے اور ملک کو قرضوں کے بوجھ سے آزاد کرانے کی طرف بڑھا جائے، ہائیڈرل بجلی جیسے سستے توانائی ذرائع کے حصول کیلئے ڈیمز کی تعمیر، تھرمل، کول، سولر، ونڈ انرجی جیسے منصوبوں سے قوم کی مشکلات کم کی جائیں، روس اور ایران سے بھی توانائی کے سستے ذرائع قوم کے ضرور مفاد میں ہونگے۔