نجی تعلیمی اداروں کا معیاری تعلیم کی فراہمی میں اہم کردار، تعلیمی شعبے کی بہتری کے لیے مشاورت جاری ہے
آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر کا دورہ سکردو، تعلیمی شخصیات سے ملاقاتیں
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ڈاکٹر ابرار حسین ملک نے کہا ہے کہ ملک میں معیاری تعلیم کے فروغ، تعلیمی معیار کی بہتری اور طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور طبقات کو مشترکہ طور پر کردار ادا کرنا ہوگا۔
سکردو و بلتستان کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی ادارے ملک بھر میں لاکھوں طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کر رہے ہیں اور قومی تعلیمی اہداف کے حصول میں حکومت کے شراکت دار کے طور پر اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ نہ صرف تعلیمی سہولیات کی فراہمی میں معاون ثابت ہو رہا ہے بلکہ جدید تدریسی طریقوں کے فروغ اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے میں بھی نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے۔
سکردو آمد پر مختلف تعلیم دوست شخصیات اور مقامی رہنماؤں نے ڈاکٹر ابرار حسین ملک کا پرتپاک استقبال کیا اور شعبہ تعلیم کے لیے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔
ڈاکٹر ابرار حسین ملک اپنے دورے کے دوران مقامی تعلیمی اداروں کے سربراہان، ماہرین تعلیم اور مختلف سماجی و تعلیمی تنظیموں کے نمائندگان سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں علاقے کو درپیش تعلیمی مسائل، تعلیمی انفراسٹرکچر، اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت اور طلبہ کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان جیسے دور دراز علاقوں میں تعلیم کے فروغ کے لیے خصوصی توجہ کی ضرورت ہے اور ایسوسی ایشن تعلیمی مسائل کے حل اور تعلیمی معیار میں بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ ڈاکٹر ابرار حسین ملک مختلف سیاسی، سماجی اور ثقافتی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جبکہ وہ ثقافتی اور سماجی تقریبات میں خصوصی شرکت کے علاوہ خطے کے اہم سیاحتی و تفریحی مقامات کا دورہ بھی کریں گے۔



