
ایران اور عراق کے سرحدی علاقے میں7 اعشاریہ 3شدت کے زلزلےنے تباہی مچادی ، کئی عمارتیں ملبےکا ڈھیر بن گئیں ، ایران میں 328 اور عراق میں 30 افراد ہلاک ہو گئے ،مختلف حادثات میں زخمیوں کی تعداد1700سے تجاوز کرگئی۔زلزلے کے جھٹکے ترکی،کویت اور سعودی عرب سمیت کئی ملکوں میں محسوس کئے گئے۔
ایران اور عراق کے درمیان سرحدی علاقوں میں رات گئےشدید زلزلے سے زمین لرز اٹھی ،زلزلے کی شدت سے کئی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں اور بجلی کی ترسیل کا نظام متاثر ہو گیا۔
ایرانی حکام کے مطابق سڑکیں ٹوٹ جانے اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے دیہی علاقوں میں ریسکیو کی ٹیمیں بھیجنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔زلزلے سے سب سے زیادہ نقصان ایرانی صوبے کرمان شا میں ہوا ۔
عراق کے علاقے دربندی خان میں زلزلے سے سب سے زیادہ تباہی ہوئی ۔ جہا ں کئی عمارتیں گر گئیں ،ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیو اہلکاروں کی کوششیں جاری ہیں۔
زلزلے کے جھٹکے لبنان، کویت، ترکی سمیت دیگر ملکوں میں بھی محسوس کئے گئے ،امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز ایرانی سرحد کے قریب عراق کا شہر حلبجہ تھا۔



