باشعور عوام نے ووٹ دیتے وقت کارکردگی ،استحکام اور مثبت سیاست کو ترجیح دی
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آباد کی سنیئر رہنما بیگم شاہدہ قدیر نے کہاہے کہ مسلم لیگ(ن) کی قیادت اپنے ہروعدے کی تعمیل کرنا اولین ترجیح سمجھتی ہے،قائدنوازشریف اوروزیراعظم شہبازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے کیاگیا وعدہ چند گھنٹوں میں عملی شکل اختیار کرگیا،کشمیری عوام بھی جھوٹ اور مکاری کی بجائے تعمیر وترقی کے جال بچھانے والوں کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئیدیور بن کر کھڑی ہوگئی۔
ایک بیان میںانہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کے پہلے مرحلے میں مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کی کامیابی ثابت کرتی ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے جھوٹ کی سیاست کرنے والوں کو یکسرمسترد کرتے ہوئے کارکردگی ،استحکام اور مثبت سیاست کو ترجیح دی ہے، یہ فتح عوام کے غیر متزلزل اعتماد،قائدانہ بصیرت اور مسلم لیگ(ن) کی عوامی خدمت پر مبنی سیاست کی روشن دلیل ہے۔ مسلم لیگی رہنما بیگم شاہدہ قدیر نے مزیدکہاکہ آزادکشمیر کے باشعور عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے ثابت کردیا ہے کہ وہ تعمیر وترقی،استحکام، جمہوریت اور عوامی خدمت کے سفر کو آگے بڑھانے کیلئے پاکستان مسلم لیگ(ن) پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں، مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ ملک وقوم کے وسیع ترمفاد میں قومی یکجہتی ،آئین،قانو ن کی بالادستی اور عوامی فلاح کو اپنی سیاست کا محور بنایا۔بیگم شاہدہ قدیر نے تمام کامیابی امیدواروں کودلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ کامیابی صرف امیدواروں کی نہیں بلکہ پوری جماعت،کارکنوں اورعوام کے باہمی اعتماد کی فتح ہے، دعاہے کہ اللہ تعالیٰ تمام منتخب نمائندوں کو عوام کی ذمہ داری احسن انداز میں نبھانے کی توفیق عطا فرمائے،آمین ثم آمین ۔

