راولپنڈی (سٹی رپورٹر)کشمیر دیرینہ حل طلب مسئلہ ہے اور جنوبی ایشیا کا پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی وابستہ ہے ان خیالات کا اظہار جماعت اہلسنت پاکستان ضلع راولپنڈی کے ناظم اعلی علامہ رضا المصطفی نورانی نے یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے تقریب سے خطاب میں کیا انہوں نے کہا کہ 5 اگست کشمیری قوم کیلئے سیاہ ترین دن ہے، یہ وہ دن ہے جب 2019ء میں بھارت نے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو منسوخ کرتے ہوئے کشمیریوں سے ان کی شناخت چھیننی چاہی، ‘ استحصالِ کشمیر’ کشمیری عوام کی عظیم قربانیوں، ثابت قدمی اور آزادی کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے. انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری اپنے کشمیری بہن، بھائیوں کے ساتھ کھڑا اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتا اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا.
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اہلسنت کے رہنما محمد عامر صدیقی نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور اقبال کے تصور پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے، بھارتی جبر و استبداد کے سامنے ڈٹے کشمیریوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گیِ.
تقریب سے راجہ اشفاق، شیخ یاسر بشیر و دیگر نے بھی خطاب کیا، شرکاء نے یوم استحصال کے حوالے سے نعرے لگائے جن میں “کشمیر بنے گا پاکستان”، “بھارتی مظالم بند کرو”، “اقوامِ متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کراو ” اور “ہم کشمیری عوام کے ساتھ ہیں” اس موقع پر شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حق میں جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم کے خلاف بھرپور نعرے بازی کرتے رہے۔ شرکاء نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا جائز اور بنیادی حق دلائے۔


