میکسیکن صدر نے بھی ٹرمپ کو آئینہ دکھا دیا

میکسیکو کسی غیر ملک کی نوآبادی ریاست نہیں اور نہ ہی بنے گا،کلاؤڈیا شین بام
صدر ٹرمپ نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں میکسیکو کی سرزمین کو امریکی پرچم تلے دکھایا تھا

میکسیکو:دیگر عالمی رہنمائوں‌کی طرح میکسیکو کی صدر کلاؤڈیا شین بام نے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو آئینہ دکھا دیا ہے ایک بیاں میں‌انہوں‌نے کہا کہ میکسیکو کسی بھی غیر ملک کی نوآبادی یا محفوظ ریاست نہیں ہے اور نہ ہی بنے گا، یہ بیان امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے سوشل میڈیا پر ایک نقشہ شیئر کرنے کے بعد آیا، جس میں میکسیکو کی سرزمین کو امریکی پرچم تلے دکھایا گیا تھا۔
میکسیکو کی صدر کلاؤڈیا شین بام نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’اپنے وطن میں، اس وقت میں، ہم اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ میکسیکو کسی بھی غیر ملک کی نوآبادی یا محفوظ ریاست نہیں ہے اور نہ ہی بنے گا۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم ایک آزاد، خودمختار اور حاکم ملک ہیں۔‘‘ واضح رہے کہ ٹرمپ نے اپنے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر یہ تصویر بغیر کسی وضاحت کے پوسٹ کی جس میں امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا کو امریکی پرچم کے رنگوں اور دھاریوں سے ڈھکا ہوا دکھایا گیا، جبکہ دیگر علاقے بھی امریکی پرچم تلے تھے۔
بعد ازاں شین بام کے یہ تبصرے اس وقت سامنے آئے جب سلامتی، تجارت اور نقل مکانی کے معاملات پر میکسیکو اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے۔میکسیکو کی صدر نے ٹرمپ انتظامیہ کے بیانات یا اقدامات کا جواب دیتے ہوئے بارہا قومی خودمختاری کی اہمیت پر زور دیا ہے، ساتھ ہی واشنگٹن کے ساتھ تعاون پر مبنی تعلقات برقرار رکھنے کے اپنے حکومتی ارادے پر بھی روشنی ڈالی ہے۔
یاد رہے کہ یہ تازہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹرمپ نے امریکی ریاست نیو میکسیکو کا نام بدل کر ’’نیو امریکہ‘‘ رکھنے کی تجویز کو فروغ دیا۔ ٹرمپ نے ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں لفظ ’’میکسیکو‘‘کو کاٹ کر اس کی جگہ ’’امریکہ‘‘ لکھا گیا تھا۔ اس کے علاوہ اس سے قبل وہ جغرافیائی خصوصیات کے نام تبدیل کرنے کی تجاویز بھی دیتے رہے ہیں، جن میں خلیجِ میکسیکو کے لیے ان کی انتظامیہ کا ’’خلیجِ امریکہ‘‘ کا استعمال بھی شامل ہے۔ تاہم پیر کو شیئر کیے گئے نقشے کے ساتھ میکسیکو پر کسی بھی رسمی امریکی سرزمینی دعوے کے بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کئی عالمی رہنما صدر ٹرمپ کو ان کی ایسی ہی حرکتوں کے باعث آئینہ دکھا چکے ہیںِ.