صاحبزادہ فرحان کی دھواں دار 89 رنز کی اننگز، تین میچز کی سیریز میں پاکستان کو 1-0 کی برتری
راولپنڈی (عبداللہ اسجد)صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں چار وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں مہمان ٹیم کے 183 رنز کے ہدف کو قومی ٹیم نے 18.5 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
پاکستان کی کامیابی کے مرکزی کردار کپتان صاحبزادہ فرحان رہے، جنہوں نے 53 گیندوں پر 89 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 10 چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ معاذ صداقت نے بھی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 29 گیندوں پر 50 رنز بنائے، جس میں چار چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔
اس سے قبل سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے تھے۔ لہرو اودارا نے 55 گیندوں پر 91 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، تاہم نسیم شاہ کی تین وکٹوں اور محمد عمران کی دو وکٹوں نے پاکستان کو مقابلے میں واپس آنے کا موقع فراہم کیا۔
پاکستان نے اس فتح کے ساتھ سیریز میں برتری حاصل کر لی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 11 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔




