پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی

کپتان صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت کی دھواں دھار بیٹنگ دونوں کی اننگز میں‌چھکے زیادہ اور چوکے کم تھے
عمران رندھاوا کی عمدہ بولنگ نے بھی جیت میں‌اہم کردار ادا کیا.انہوں نے چار اور میں‌محض گیارہ رنز دے کر 3 وکٹ لئے

راولپنڈی (سپورٹس رپورٹر)پاکستان نے سری لنکا کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 82 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-0 سے اپنے نام کر لی۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں قومی ٹیم نے بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں عمدہ کھیل پیش کیا، جبکہ سیریز میں مسلسل دوسری کامیابی کے ساتھ پاکستان نے فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے۔ ابتدائی اوورز میں محتاط کھیل کے بعد کپتان صاحبزادہ فرحان اور نوجوان بلے باز معاذ صداقت نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کے ذریعے اننگز کو سنبھالا اور دوسری وکٹ کے لیے 88 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔
صاحبزادہ فرحان نے 44 گیندوں پر 73 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس میں چار چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے، جبکہ معاذ صداقت نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 51 گیندوں پر 96 رنز اسکور کیے۔ ان کی اننگز میں چھ چوکے اور سات چھکے شامل تھے۔ وہ اپنی پہلی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سنچری مکمل نہ کر سکے ۔ حسن نواز نے بھی آخری اوورز میں تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابلِ شکست 18 رنز بنا کر پاکستان کا مجموعہ 215 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
216 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے مشکلات کا شکار رہی اور مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنا سکی۔ محمد عمران رندھاوا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار اوورز میں صرف 11 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سلمان مرزا نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ شاداب خان اور صائم ایوب نے بھی ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
سری لنکا کی جانب سے مہیش تھیکشانا 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ چامندو وکرما سنگھے نے 29 رنز بنائے، تاہم پاکستانی بولرز نے حریف ٹیم کو ہدف تک پہنچنے کا موقع نہ دیا۔ شاندار بیٹنگ پر معاذ صداقت کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
معاذ صداقت کی جارحانہ بیٹنگ اور عمران رندھاوا کی کفایتی بولنگ نے ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ کپتان صاحبزادہ فرحان نے مسلسل دوسرے میچ میں نمایاں کارکردگی دکھا کر اپنی قیادت کو مؤثر ثابت کیا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 13 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں قومی ٹیم کی نظریں سیریز میں کلین سویپ پر مرکوز ہوں گی