پیرودھائی بس اسٹینڈ آر ٹی اے کے حوالے کرنا غیرقانونی اور غیردانشمندانہ اقدام ہے

میونسپل لیبر یونین کے قائدین کے خلاف تھری ایم پی او کے تحت مقدمات زیادتی ہے۔ راجہ عبدالمجید، غلام محمد ناز

راولپنڈی (سٹی رپورٹر) جنرل بس اسٹینڈ پیرودھائی کے اختیارات میونسپل کارپوریشن سے لے کر ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے حوالے کرنا ایک غیرقانونی، غیردانشمںندانہ اور عوام دشمن اقدام ہے، میونسپل لیبر یونین کے قائدین پر تھری ایم پی او کے تحت مقدمات سراسر زیادتی ہے ان خیالات کا اظہار پیپلز لیبر بیورو راولپنڈی سٹی کے صدر اور میونسپل لیبر یونین (آر ڈبلیو ایم سی) سی بی اے کے سرپرست اعلیٰ راجہ عبدالمجید، چیئرمین چنگیز بھٹی، نثار کیانی، پرویز چیدا، چوہدری فخر وڑائچ، جاوید احمد اور آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن پنجاب کے چیئرمین کامریڈ غلام محمد ناز نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلدیہ کی اربوں روپے کی پراپرٹی اور کروڑوں روپے کے فنڈز بیک جنبشِ قلم سیکرٹری ٹرانسپورٹ کے حوالے کر دینا نہ صرف راولپنڈی کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ہے بلکہ اس اقدام سے میونسپل کارپوریشن کے مختلف شعبوں کے ہزاروں ملازمین اور پینشنرز کے واجبات کی ادائیگیاں اور صفائی اور تعمیر و ترقی کے منصوبے بھی خطرے میں پڑ جائیں گے۔
اپنے بیان میں مزدور راہنماؤں نے میونسپل لیبر یونین (سی بی اے) میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کے صدر راجہ ہارون الرشید اور جنرل سیکرٹری پادری شاہد رضا کے خلاف تھری ایم پی او کے تحت مقدمے اور راجہ ہارون کی تیس روز کیلئے حراست کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کسی قبضہ گروپ کا معاملہ نہیں بلکہ سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے میونسپل کارپوریشن کی ملکیتی پراپرٹی جنرل بس اسٹینڈ پیرودھائی کا اختیار غیرقانونی طور پر اپنے ہاتھ میں لینے کا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کے مطابق سیکرٹری آر ٹی اے کو کلاس سی بس اسٹینڈ کا اختیار لینے کا کوئی قانونی حق حاصل نہیں ہے یہ پراپرٹی میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کی ملکیت ہے اور اس شہر کے عوام کی امانت ہے۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ میونسپل لیبر یونین نے اپنے ادارے کی پراپرٹی کا تحفظ کرنا چاہا جو اس کا آئینی اور قانونی حق ہے اس پر یونین قائدین کو خراج تحسین پیش کرنے کے بجائے تھری ایم پی او جیسے کالے قانون کے تحت جیل میں ڈالنا سراسر ناانصافی، انتقامی کارروائی اور مزدور دشمنی ہے۔
اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ اس غیر قانونی اقدام کا فوری نوٹس لیا جائے، راجہ ہارون الرشید کو فی الفور رہا کیا جائے، تھری ایم پی او کا مقدمہ خارج کیا جائے اور سیکرٹری آر ٹی اے کو کلاس سی بس اسٹینڈ کا اختیار لینے سے روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں سکیورٹی خدشات کا باعث بننے والے اور کروڑوں کے سرکاری ٹیکس اور زمینیں ہڑپ کرنےوالے غیر قانونی پرائیویٹ اڈوں کا خاتمہ کرنے کی بجائے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن راولپنڈی نے کارپوریشن کی ملکیتی زمین پر قائم جنرل بس اسٹینڈ ایک ہزار سے زائد دکانوں سمیت سیکرٹری آر ٹی کو دے دیا جو سراسر ایک غیرقانونی اور بلاجواز اقدام ہے۔